سبزیوں کی قیمتوں میں اضافےکا سخت نوٹس، ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کوعوام کا استحصال نہیں کر نے دونگا، شہباز شریف

September 25, 2017

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بعض سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لندن سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو مناسب قیمت پر سبزیوں کی فراہمی کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اورقیمتوں کومناسب سطح پر لانے کیلئے ہرممکن اقدام کیاجائے اورمتعلقہ محکمے اورادارے قیمتوں میں استحکام کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دونگا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھرمیں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول مارکیٹوں اور بازاروں کے خود دورے کرکے نرخوں کا جائزہ لے اورقیمتوں کے ساتھ ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔عوام کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ ناجائز منافع خور وں اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔میں قیمتوں میں بلاجوازا ضافہ برداشت نہیں کروں گا۔شہباز شریف نے شہیدلیفٹیننٹ ارسلان عالم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پر اپنا آج قربان کرنے والے پوری قوم کافخرہیں اورقوم شہیدلیفٹیننٹ ارسلان عالم جیسے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم نے جوانمردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہیدلیفٹیننٹ ارسلان عالم نے وطن کے امن کیلئے اپنی قیمتی جان نچھاور کی۔ ہم سب کوپاکستان کی خاطر قربانیاں دینے والے شہید ارسلان عالم جیسے جری سپوتوں پر ناز ہے ۔پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر افسروں اورجوانوں نے ملک و قوم کے امن کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اقوام عالم میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی۔پاک افواج ، پولیس اورہر طبقے نے بہادری ،دلیر ی اورجرات کے ساتھ قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے اور شہداء پوری قوم کے ہیر و ہیں اورپوری قوم شہداء کی ا نمٹ قربانیوں کو سلیوٹ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل تھا اورملک کا استحکام شہیدوں کا مرہون منت ہے-وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قوم کے اتحاد اور پختہ عزم کے ساتھ دہشت گردوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔شہدا کا خون رنگ لائے گا اور وطن عزیز سے دہشت گردی او رانتہا پسندی کا مکمل خاتمہ ہوگا -وزیراعلی نے کہا کہ فرض کی ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر وں کی قربانی رنگ لائے گی- انہوں نے کہا کہ شہدا ء کی عظیم قربانیوں کے طفیل آج پاکستان کو امن نصیب ہواہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ شہبازشریف نے فیصل آباد کے علاقے میں مین ہول کی صفائی کے دوران دم گھٹنے کے باعث 3افرادکے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے شحض کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔