پاکستان ڈیوس کپ ٹائی میں کوریا کی میزبانی کرے گا

October 03, 2017

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو ڈیوس کپ گروپ ون کی میزبانی دیدی ہے، اس طرح پاکستانی سائوتھ کوریا کے خلاف دوسری بار اپنی سرزمین پر گروپ ون ٹائی میں مقابلہ کرے گی۔

پاکستانی ٹیم مجموعی طور پر چھٹی بار ایشیا اوشیانا گروپ ون میں پہنچنے میں کامیاب رہا ہے۔ پاکستان اور سائوتھ کوریا کے درمیان ٹائی اسلام آباد کے اسپورٹس کمپلکس میں 2 سے 4 فروری 2018ء میں ہوگی۔

کورین ٹیم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور پاکستان میں گراس روٹ پر قومی ٹیم کے کوریا کے خلاف جیت کے چانسز 30 سے 40 فیصد ہیں جبکہ ہارڈ کورٹ پر پاکستان کی جیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔

جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری ثناء اللہ کا کہنا تھاکہ پاکستان کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں جس کا آئی ٹی ای ایف نے بھی اعتراف کیا اور پاکستان میں اب ڈیوس کپ مقابلوں کی میزبانی کا حق ملنا شروع ہوگیا۔

ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی میں پاکستان میزبانی کرے گا اور سائوتھ کوریا کی ٹیم جس کا ڈیوس کپ میں عالمی ریکارڈ بہت اچھا پاکستان کے مد مقابل ہوگی۔ ٹائی کیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی ایف کے فیصلے کے مطابق اب کوئی بھی ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرنے کی مجاز نہیں ہے۔

اگر وہ ایسا کرتی ہے تو نہ صرف اس پر جرمانہ ہوگا بلکہ اس کی گریڈنگ بھی نیچے کردی جائے گی اس لئے امکان ہے کہ کوریا کی ٹیم پاکستان آئے گی۔ ثناء اللہ نے مزید بتایا کہ کوریا کے خلاف ٹائی میں اعصام الحق اور عقیل خان ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ باقی کھلاڑیوں کا انتخاب ٹرائلز کے بعد کیا جائے گا۔