ایم کیوایم وفد کویقین دہانی،کراچی میں امن یقینی اور نوازشریف کےوعدے پورے کرینگے،وزیراعظم

October 19, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو ہدایت کی ہےکہ مقدمات کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی شکایات کا جائزہ لیا جائے اور اس حوالے سے انصاف کے تمام تقاضے یقینی بنائے جائیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گزشتہ روز ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وفد میں عامر خان، کنور نوید، وسیم اختر اور کامران ٹیسوری شامل تھے جبکہ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق، گورنر سندھ محمد زبیر، سینٹر سلیم ضیاء، مفتاح اسماعیل اور صدر مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن منور ر ضا بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد کے حوالے سے وزیراعظم ترقیاتی پیکج کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فنڈز کا اجراء رواں ماہ یقینی بنایا جائیگا اور منصوبوں پر فی الفور کام شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دہانی کرائی کہ کراچی میں امن یقینی بنایا جائے گا اور نوازشریف کے وعدے پورے کرینگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم نومبر میں حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے کراچی میونسپل کارپوریشن کے حوالے سے حکومت سندھ کے عدم تعاون کی شکایت کی جس کی وجہ سے کراچی میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور اہل کراچی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔