دریائوں میں پانی کی کمی ، پنجاب میں نہریں آج سے 10 دن کیلئے بند

October 20, 2017

ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق امسال ربیع کی فصل کیلئے دریائوں میں پانی کی کمی کے باعث صوبوں کو20فیصدکم پانی دستیاب ہوگا۔

اس فیصلے کی روشنی میں محکمہ آبپاشی پنجاب نے نہروں کو چلانے کا نیاشیڈول تیار کیاہے جس کے مطابق صوبے میں سارا سال بہنے والی نہریں 20سے 31اکتوبر تک بند رکھی جائیں گی اور یکم نومبر سے اپنے مقررہ ڈسچارج کے مطابق چلائی جائیں گی ۔

سال میں چھ ماہ بند رہنے والی ششماہی نہروں کو بھی نومبر کے مہینے میں 15دنوں کیلئے کھول دیا جا ئے گا تاکہ ربیع کی فصل کیلئے درکار پانی کاشتکاروں کووافر مقدار میں میسرآسکے۔

اس امر کا اظہارصوبائی وزیر آبپاشی امانت اللہ خان شادی خیل نے یہاں ایک محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔