نیب کرپٹ ترین ادارہ بن چکا ہے،تھانے کچہری میں انصاف بکتا ہے، شہباز شریف

October 20, 2017

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتساب کرنا نیب کا کام ہے لیکن نیب ایک کرپٹ ترین ادارہ بن چکا ہے،تھانے کچہری میں انصاف بکتا ہے، وہ ملک جو ہم سے پیچھے تھے، آج وہ ہم سے آگے نکل گئے ہیں۔بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان مل کر پاکستان بنتا ہے اور ہم سب نے مل کر ہی پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانا ہے،ہم سب کوایک دوسرے کےگلے کاٹنے،طعنہ زنی اور الزام تراشیوں سے باز رہنا ہو گا۔بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے طلباء نےماڈل ٹائون میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے اور کالج کیلئے نئی بس دینے اور کالج میں رہائشگاہیں بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کالج کیلئے جدید سائنس لیب بھی بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سے صوبوں کو وسائل کی تقسیم این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے ہوتی ہے۔ 2010 ء میں سیاسی قوتوں نے مشاورت کیساتھ این ایف سی ایوارڈ پر اتفاق رائے کیا۔ وہ کام جو مشرف ڈنڈے کے زور پر نہ کرا سکا سیاسی قوتوں نے پیار، محبت اور باہمی مشاورت سے کر لیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ معاشرہ اس گراوٹ تک پہنچ چکا ہے جہاں کرپشن کو سٹیس کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ کرپشن کا ناسو رہی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ کرپشن نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے اور 70 برس میں احتساب نہیں ہوا بلکہ غیرشفاف احتساب ہوا ہے اور انصاف کے نام پرانتقام لیا گیا ہے۔نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کوئٹہ میں دل کے امراض کا جدید ہسپتال بنا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں، جونہی بلوچستان کی حکومت کوئٹہ میں اس ہسپتال کی تعمیر کیلئے جگہ کی نشاندہی کردے گی منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔اس موقع پر ریذیڈنشل کالج خضدار کے پروفیسر مطیع الرحمٰن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں آ کر محسوس ہو رہا ہے کہ ہم اندھیرے سے نکل کر روشنی میں آ گئے ہیں۔ لاہور اور پنجاب کی ترقی دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے حاملہ خاتون کو ہسپتال میں داخلہ نہ ملنےاور سڑک پر بچے کی پیدائش کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائیونڈ ڈاکٹر عامر مفتی اور کنسلٹنٹ گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر عاصمہ سرور کو عہدوں سے ہٹا کر معطل کردیا جبکہ لیڈی ہیلتھ وزیٹرسمیرا رمضان کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ معطل ایم ایس اورمعطل گائنا کالوجسٹ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ناقص ویکسین لگنے کے باعث 3بچوں کے جاں بحق ہونے پربھی وزیراعلیٰ نے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرہیلتھ، ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ ویکسینیشن ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویکسینیشن ،ویکسینیٹر اوروارڈ بوائے کو معطل کر کے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔شہباز شریف نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گاؤں رجانہ میں ناقص ویکسین لگنے کے باعث 3بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے ذمہ داروں سے قانون کےمطابق پورا حساب لیا جائےگا ۔انہوں نے کہاکہ یہ افسوناک واقعہ دکھی انسانیت کی خدمت کے سفر پر طمانچے سے کم نہیں ہے۔رائیونڈ واقعہ کے بارے میں شہباز شریف نے کہا کہ غریب حاملہ خاتون کو علاج معالجہ فراہم نہ کر کے ظلم کیاگیااورذمہ داروں کو فرائض سے غفلت پر جواب دینا پڑے گا۔