نیب آرڈیننس کا ماضی سے اطلاق لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

October 20, 2017

لاہور(خبرنگارخصوصی)نیب آرڈیننس کے ماضی سے اطلاق کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج میں کر دیا گیا اور اسکے سیکشن دو کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی، جس پر ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ارشد حسین ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ، جس میں یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن 2کے تحت اس کا اطلاق یکم جنوری 1985 سے کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ آئین کے آرٹیکل کے تحت کسی بھی قانون کا اطلاق اس کی منظوری سے قبل نہیں کیا جاسکتا، قانون منظوری کے دن سے ہی لاگو ہوگا اور ماضی پر اطلاق نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست گزار نے خدشہ ظاہر کیا کہ قانون کے اطلاق سے قبل سزا یافتہ مجرمان کی سزا میں اضافہ بھی نہیں کیا جاسکتا اور آرڈیننس کےسیکشن 2کی آڑ میں نیب 1999ء سے قبل کے کیسوں میں ریفرنس فائل کیے جاریے ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 2 کو کالعدم قرار دیا جائے۔