ناظم آباد میں لوٹ مار کرنے والا ڈاکو شہری کی فائرنگ سے ہلاک

October 23, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناظم آباد میں لوٹ مار کرنے والا ڈاکو شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ناظم آباد الخدمت اسپتال کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے کار سوار شخص کو روک کر اس سے لوٹ مار کی کوشش کی اسی دوران شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ملزم کے پاس موجود پستول چھین کر اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا،اسی دوران پولیس بھی وہاں پہنچی اور دوسرے ملزم کو گرفتار کر لیا،ایس ایچ او تاج وسان نے بتایا کہ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا،انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہو نے والے ملزم کی شناخت شہریار ولد گلریز جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت حمزہ ولد شہاب الدین کے نام سے ہوئی ہے،ملزمان کے قبضے سے پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔