وزارت پاور ڈویژن کی بھرتیوں پر پابندی، ماتحت محکمے پچھلی تاریخوں میں تقرر نامے جاری کرنے لگے

October 23, 2017

لاہور (تجمل گرمانی ) وفاقی وز ارتِ پانی و بجلی کے پاور ڈویژن نےتمام کمپنیوں اور اداروں میں بھرتیوں پر فوری پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،اس کے باوجود بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں پچھلی تاریخوں میں بھرتیوں کا عمل جاری رکھے ہوئی ہیں۔ نوٹیفکشن کا اطلاق واپڈا ہائوس، پیپکو نیسپاک، نیکا، این ٹی ڈی سی ، پی پی آئی بی، سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی، پاورڈسٹری بیوشن کمپنیوں ، جنکو، پی ایچ پی ایل ، این پی پی ایم سی ایل، پی پی ایم سی ایل سمیت متلعقہ اداروں پر ہو گا۔ دوسری جانب معلوم ہوا کہ ہے کہ احکامات کے باوجود وزارت پاور ڈویژن کے ملحقہ اداروں میں پچھلی تاریخوں میں بھرتیاں اور تقرر نامے جاری ہیں۔

سی پی پی اے میں سکیل 17اسٹنٹ منیجر کی 18اسامیوں پر بدستور بھرتیاں ہو رہی ہیں، این ٹی ڈی سی، گیپگو ، لیسکو سمیت مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں بھی متعلقہ بورڈ آف ڈائریکٹر کی اجازت سے بھرتیاں اور تقرر نامے جاری ہو رہے ہیں ۔ سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی میں جن عہدوں پر بھرتیاں ہو رہی ہیں ان میں اسسٹنٹ منیجر فنانس کی پانچ، اسٹنٹ منیجر ٹیکنیکل پانچ، اسٹنٹ منیجر انفارمیشن ٹیکنالوجی تین اور اسٹنٹ منیجر ہیومن ریسوریس کی پانچ آسامیاں شامل ہیں ۔ ان آسامیوں پر وفاقی وزارت کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد امیدواروں کے ٹیسٹ لئے گئے اور رواں ہفتے انٹرویو کے بعد بھرتیوں کا تمام عمل بھی مکمل ہونے کا امکان ہے جبکہ تین امیدواروں کہ عجلت میں مبینہ طور پر بھرتی کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ اسسٹنٹ منیجر کی آسامیوں پر بعض افراد پہلے ہی کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں جنھیں مستقل کرنے کے لئے بھرتی کا عمل شروع کیا گیا اور ادا رہ ہر حال میں اس عمل کو مکمل کرنا چاہتا ہے ۔ وزارت پاور ڈویژن اسلام آباد کے ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر کی طر ف سے بھرتیوں پر پابندی کے احکامات عارضی ہیں ، جن آسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے وہ مخصوص عرصہ تک رکا ہے جس کے بعد یہ عمل مکمل کیا جائے گا ، نوٹیفکیشن کا مطلب یہ نہیں کہ بھرتیوں پر جاری عمل نئے سرے سے شروع ہو گا،این ٹی ڈی سی نے اس نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کر دیا ہے جبکہ باقی ادارے بھی عمل کے پابند ہیں۔

سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو عابد لطیف لودھی سے موقف معلوم کیا تو انھوں نے کہا کہ مذکورہ آسامیوں کے لئے ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں ،انٹرویو اور تقرر ناموں کا عمل مکمل کرنے کے لئے وزات پاور ڈویژن سےقانون کے مطابق اجازت لی جائے گی۔