فوج اور عدلیہ کو بدنام کرنا آزادیٔ اظہار نہیں ،حسن نثار

October 23, 2017

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ آزادیٔ اظہار کے نام پر فوج اور عدلیہ جیسے معزز داروں کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، پرویز مشرف شریف خاندان کا مجرم نہیں محسن ہے، غریب آدمی کے پیسوں پر پلنے والے وزیرکام کرنے کے بجائے شریف خاندان کے دفاع میں مصروف ہیں،پیپلز پارٹی بینظیر بھٹو کے ساتھ عملی طور پر دفن ہوگئی ہے، عمران خان کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبہ میں کوئی جان نہیں ہے۔ وہ جیونیوز کے پروگرام ’’میرے مطابق‘‘ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ فوج اور عدلیہ کو بدنام کرنے پر ہونے والی گرفتاریوں کے حوالے سے حسن نثار نے کہا کہ آزادیٔ اظہار کے نام پر فوج اور عدلیہ جیسے معزز داروں کو بدنام کرنے، الزام لگانے یا گالیاں دینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، فوج اور ججوں کیخلاف ٹوئٹس کرنے پر دو گرفتاریاں کم ہیں زیادہ گرفتاریاں ہونی چاہئے تھیں، جو دوا فراد گرفتار کیے گئے وہ ن لیگ کے حمایتی نہیں بلکہ ان کے تنخواہ دار ملازم ہیں جنہیں مختلف سرکاری ادارے پال رہے ہیں، غریب آدمی کے پیسوں پر پلنے والے وزیرکام کرنے کے بجائے شریف خاندان کے دفاع میں مصروف ہیں، اظہار رائے کی آزادی کی بات نواز شریف کے منہ پر جچتی نہیں ہے۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف شریف خاندان کا مجرم نہیں محسن ہے، پرویز مشرف نے تو نواز شریف کی سزا معاف کردی تو کیا کرپشن معاف نہیں کرنی تھی، پرویز مشرف نے ان لوگوں کو کرپشن پر غیرمشروط معافی دی تھی، شریف خاندان کے ستارے گردش میں ہیں،یہ قانون کا نہیں قانون قدرت کا سامنا کررہے ہیں، انہیں اپنے گناہوں پر اللہ سے معافی مانگنی چاہئے، ان کے ہاتھوں میں تسبیحیاں اور ہونٹوں پر دھمکیاں ہیں۔حسن نثار نے کہا کہ عمران خان کے مستقبل کو تاریک قرار دینے والے بلاول کا ماضی تاریک اور وہی مستقبل ہے، بلاول کا ماضی اور مستقبل آصف زرداری ہے، پیپلز پارٹی بینظیر بھٹو کے ساتھ عملی طور پر دفن ہوگئی ہے، تسبیح کے اندر موجود بھٹو کا دھاگا ٹوٹ جانے سے دانہ دانہ بکھر گیا ہے، دنیا کو پتاہے پیپلز پارٹی اب زرداریوں کی جاگیر بن گئی ہے، احتساب نواز شریف فیملی سے شروع ہو کر انہی پر ختم ہوگیا تو میں آ واز اٹھانے والا پہلا شخص ہوں گا۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبہ میں کوئی جان نہیں ہے، پی ٹی آئی کی انتخابات میں جانے کی اپنی کوئی تیاری نہیں ہے، تحریک انصاف میں تنظیم نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے، پی ٹی آئی میں لوگ ایک دوسرے کی کاٹ کررہے ہیں، نئی مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیاں ہوں گی اس کے بغیر الیکشن کروانا مشکل ہوگا، عمران خان کی یہ بات درست نہیں کہ پی ٹی آئی میں ان کے علاوہ بھی قیادت موجود ہے، پی ٹی آئی میں عمران خان جیسا سحر کسی اور شخص میں نہیں ہے۔