پاکستان ٹیم کا کلین سوئپ، چھٹی بار0-5 سے سیریز جیتی

October 24, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے سری لنکا کو پانچ صفر سے شکست دے کر وائٹ واش مکمل کر لیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو برمنگھم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی اس کے بعد سے پاکستانی ٹیم مسلسل نو ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں لگاتار 21 ون ڈے جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم 2007 کے ورلڈ کپ کے بعد شعیب ملک کی قیادت میں لگاتار بارہ میچوں میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔ سری لنکا سے قبل 2008 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم نے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز پانچ ۔ صفر سے جیتی ہے اس سے قبل آخری مرتبہ پاکستان نے اپریل 2008 میں بنگلہ دیش سے سیریز 0-5 جیتی تھی مجموعی طور پر یہ صرف چھٹا موقع ہے جب پاکستان نے سیریز میں پانچ ۔ صفر سے فتح حاصل کی۔ پاکستان نے اس سے قبل تمام پانچ۔ صفر کی فتوحات اپنی سرزمین پر ہی حاصل کیں ۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے2002-03میں زمبابوے کے خلاف پانچوں ون ڈے انٹر نیشنل جیتے تھے۔ 2003 میں انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے ہوم گرائونڈ پر بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کو اس مارجن سے شکست دی تھی۔2007-08میں پاکستان نے شعیب ملک کی کپتانی میں ہوم گرائونڈ پر زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف پانچوں میچ جیتے تھے۔