انصاف کی توقع نہیں، ادارے حدود میں رہ کرکام کریں، بہتر ہوگا، مریم نواز

October 24, 2017

لاہور (جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ جس طرح سے پاناما کیس چلا ہے اس کے بعد انصاف کی توقع نہیں رکھنی چاہیے مگر امید پر دنیا قائم ہے، ادارے حدود میں رہ کر کام کریں تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی کا نوازشریف کو زیادہ فائدہ ہوا، نااہلی کے بعد بھی سیاست نوازشریف کے گرد گھوم رہی ہے، نوازشریف کی گرفتاری سے متعلق زرداری کا بیان ان کا اپنا نہیں ہوگا، مردہ نیب کیسے زندہ ہوگیا ہے۔

حلقہ این اے 120 کے دورے پر جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حلقے میں ترقیاتی کام جس طرح ہونے چاہیے تھے اب ایسے ہی ہونگے، اس حوالے سے خود چیزوں کی سرپرستی کروں گا۔ نوازشریف کی وطن واپسی کے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف وطن واپس آرہے ہیں اور اس کے لیے وہ چل پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے سے متحرک ہے اور اس کے خلاف جو کچھ ہورہا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ (ن) لیگ سب سے زیادہ متحرک ہے۔