ویرات کوہلی اور انوشکا شرما رشتہ ازدواج میں منسلک

December 12, 2017

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کی تقریب اٹلی کے شہر میلان کے مہنگے ترین ریزورٹ میں منعقد ہوئیں ۔ شادی کی تقریب میں خاندان اور قریبی دوست شریک ہوئے جبکہ دونوں کی شادی ہندو رسم و رواج کے مطابق ہوئی جس کے بعد پنجابی رسم و رواج سے بھی شادی ہوگی۔ دونوں نے اپنے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر مداحوں کیلئے شادی کی چند تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا وعدہ کیا ہے ،ہمیں یہ خبر اپنے مداحوں سے شیئر کرتےہوئے بڑی خوشی ہورہی ہے اور یہ دن ہم دونوں کے علاوہ ہمارے خاندانوں اور مداحوں کے لیے بھی اہم ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انوشکا اور ویرات کوہلی شادی کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد جنوبی افریقا روانہ ہوجائینگے جہاں کوہلی آنے والی کرکٹ سیریز کی تیاری شروع کریں گے اور انوشکا بھی نئے سال کے جشن میں کوہلی کے ہمراہ ہوں گی۔ اس کے بعد دونوں جنوری کے پہلے ہفتے میں بھارت واپس آجائیں گے۔ انوشکا اور ویرات کے ترجمان کے مطابق وطن واپسی کے بعد انوشکا شرما ممبئی میں اپنی نئی فلم کے حوالے سے شیڈول مرتب کریں گی جس میں شاہ رخ خان بھی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ انوشکا اور ویرات کوہلی کی جانب سے بھارت واپسی کے بعد منعقد کیے والے استقبالیے کا دعوت نامہ بھی منظر عام پر آگیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ویرات اور انوشکا کی جانب سے نئی دہلی کے تاج ڈپلومیٹک انکلیو میں استقبالیہ دیا جائے گا جس میں ان دونوں کے رشتے دار اور دوست احباب شریک ہوں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس کے بعد ویرات اور انوشکا ممبئی میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کریں گے جس میں خاص طور پر انوشکا کے دوست احباب اور بالی ووڈ شخصیات شرکت کریں گے۔