جنرل اسمبلی میں پاکستانی قرارداد متفقہ طور پر منظور

December 12, 2017

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بین المذاہب مکالمے سے متعلق پاکستانی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

جنرل اسمبلی میں قرارداد پاکستان اور فلپائن نے پیش کی، جس میں تمام ممالک سے بنیادی آزادیوں اور انسانی حقوق کے احترام، برداشت، مذاکرات و تعاون کے ذریعے تشدد سے پاک ماحول کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد میں اس کے ساتھ امتیازی سلوک کا باعث بننے والی مذہبی منافرت کی بھی مذمت کی گئی۔

قرارداد میں عالمی امن و ترقی اور سماجی ہم آہنگی کیلئے بین المذاہب مکالمے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے قرارداد کی منظوری دہشت گردی کےخلاف پاکستان کی کوششوں کی عالمی سطح پر حمایت ہے۔