نواں کراچی لٹریچر فیسٹیول 9 تا 11 فروری کراچی میں ہو گا

December 14, 2017

نواں کراچی لٹریچر فیسٹیول (کے ایل ایف)9 ،10 اور11 فروری،2018 کوبیچ لگژری ہوٹل کراچی میں ہو گا۔

کے ایل ایف مختلف زبانوں میں لکھنے والے پاکستانی اور غیر ملکی مصنفین کو ایک جگہ جمع اور ان سے گفتگو کا موقع فراہم کرتا ہے، اس فیسٹیول میں مکالمہ، پینل کی شکل میں تبادلۂ خیال، مطالعہ، کتابوں کے اجراء، انگریزی اور اردو مشاعرہ،satire، مصنفین کی طرف سے ان کی تصانیف پر دستخط،پرفارمنگ آرٹس، فلم اسکریننگ،بک فیئر،ادبی ایوارڈز اور فوڈ کورٹ شامل ہیں۔

یہ اعلان آج آکسفورڈ یونیورسٹی پریس(او یو پی)کی منیجنگ ڈائریکٹر، کراچی اور اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول کی بانی و ڈائریکٹر اور چلڈرن لٹریچر فیسٹیول کی شریک بانی امینہ سیدنے آرٹس کونسل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کے ایل ایف میں تقریباً 131 پاکستانی اور30 بین الاقوامی مصنفین اور نو ملکوں کے مقرر شرکت کریں گے، اس دوران 19 کتابوں کا اجراء ہو گااور60 سے زیادہ سیشنز ہوں گے۔

امینہ سید نے کارپوریٹ اداروں اور غیر ملکی مشنوںکے تعاون سے کے ایل ایف کی طرف سے شروع کیے جانے والے چار انعامات پر روشنی ڈالی۔

یہ سالانہ انعامات فکشن، نان فکشن،امن اور اردو کی کیٹیگریز میں لکھی جانے والی کتابوں پر دیئے جاتے ہیں، پاکستانی علمی شخصیات،نقادوں اور مصنفین پر مشتمل پینلز آف جیوریزان کتابوں کا جائزہ لیتے ہیں ۔اس سال انعامات میں کے ایل ایف پیپسی نان فکشن پرائز،کے ایل ایف گیٹز فارما فکشن پرائز، کے ایل ایف پیس پرائز(قونصلیٹ جنرل آف جرمنی)اور کے ایل ایف انفاق فائونڈیشن اردو لٹریچر پرائز شامل ہیں۔
250000 روپے کا کے ایل ایف پیپسی نان فکشن پرائزکسی پاکستانی یا پاکستانی نژاد غیرملکی شہری کی طرف سے انگریزی زبان میں لکھی ہوئی بہترین نان فکشن کتاب کو دیا جاتا ہے۔

اس پرائز کے لیے کتابوں کی ایک لمبی فہرست ہے ،جس میں Lahore in the Times of Raj ازایان ٹالبوٹ اور طاہر کامران،How Pakistan Got Divided از رائو فرمان علی خان،A History of the Judiciary از حامد خان،Urban Traditions and Historic Environments in Sindh از انیلا نعیم،Imagining Pakistan از رسول بخش رئیس اورHonour Unmasked از نفیسہ شاہ شامل ہیں۔

کے ایل ایف گیٹز فارما فکشن پرائز انگریزی زبان میں لکھی ہوئی بہترین فکشن پر دیا جاتا ہے،مصنف(پاکستانی یا پاکستانی نژاد غیر ملکی شہری )کو بہترین ناول یا افسانوں کے مجموعہ پر300000 روپے انعام دیا جائے گا۔

اس انعام کے لیے کتابوں کی جس فہرست کا اعلان کیا گیا ہے اس میں The Golden Legend از ندیم اسلم،Exit West از محسن حمید، The Party Worker از عمر شاہد حمید،This House of Clay and Water از فائقہ منصب،Daddy's Boy از شندانہ منہاس،Boy of Fire and Earth از سمیع شاہ،Snuffing out the Moon از اسامہ صدیق اور Home Fire از کاملہ شمسی شامل ہیں۔

3000 کا کے ایل ایف پیس پرائز کراچی میں قونصلیٹ جنرل آف جرمنی اور کراچی لٹریچر فیسٹیول کا جوائنٹ پروجیکٹ ہے،یہ کسی پاکستانی یا پاکستانی نژاد غیر ملکی شہری یا پاکستان میں رہنے والے غیر ملکی شہری کی طرف سے لکھی گئی ایسی فکشن یا نان فکشن کتاب پر دیا جاتا ہے جو امن، تحمل بین الاقوامی فہم کو فروغ دے ا س انعام کے لیے فہرست میںدرج ذیل کتابیں شامل ہیں:Love in Chakiwara and other Misadventures از محمد خالد اطہر،Prison Narratives از اختر بلوچ،Indus Water Treaty: Political and Legal Dimensions از اعجاز حسین،This House of Clay and Water از فائقہ منصب،Imagining Pakistan از رسول بخش رئیس اورIslamophobia and Securitization از تانیہ سعید ۔

کے ایل ایف انفاق فائونڈیشن اردو ادبی انعام اردو میں لکھی ہوئی بہترین کتاب پر دیا جاتا ہے۔2000000 روپے کا یہ انعام نثر یا نظم کی کتاب کو دیا جائے گا، اس درجے میں کتابوں کی طویل فہرست میں دید وا دید ،از الطاف فاطمہ،نیلی بار از طاہرہ اقبال، ریل کی سیٹی از محمد حسن معراج،قلعہ ء فراموشی از فہمیدہ ریاض، اردو ہندی تنازع اور پنجابی زبان از نوید شہزاد اور آتے ہیں غیب سے از انور شعور شامل ہیں۔

کراچی لٹریچر فیسٹیول کے شریک بانی،آصف فرخی نے کہا کہ اس سالانہ فیسٹیول کا مقصد مطالعہ،لکھنے لکھانے ، ادیبوں کو آگے بڑھانا اور ذہنوں کو زرخیز بنانا ہے۔ملک بھر سے لوگوں کی آمد سے یہ حقیقی معنوں میں کل پاکستان ایونٹ ہوتا ہے۔اور چونکہ دنیا کے مختلف ملکوں سے بھی لوگ اس میں شریک ہوتے ہیں اس لیے یہ حقیقی معنوں میں ایک بین الاقوامی ایونٹ بھی ہوتا ہے۔ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اس فیسٹیول میں داخلہ بالکل مفت ہو گا۔