ایسے واقعات سےحوصلے پست ہونگے نہ عدالتیں بند،ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج

December 14, 2017

ملتان (نمائندہ جنگ)ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج ملتان چوہدری امیرمحمدخان نے کہاہے کہ قانون سے کوئی برترنہیں ،قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون خود اپنا راستہ بنائےگاتاہم ایسے واقعات جوڈیشل افسروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ہیں،پہلے سے زیادہ جرأت اوراستقامت سے کام کریں گے ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے گزشتہ روزہنگامی طورپر ملتان واپس آنے کے بعد شام کو نیوجوڈیشل کمپلیکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جوڈیشل افسروں کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ موجودتھی ۔فاضل جج نے مزیدکہاکہ پاکستان بھرسمیت ملتان کی عدالتیں بھی بند نہیں ہوسکتیں، پروفیشنل وکلاجس طرح پہلے پیش ہورہے تھے اسی طرح عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں اورعدالتوں کی جانب سے انھیں پہلے دن کی طرح خوش آمدید کہاجائےگا۔فاضل جج نےمزیدکہاکہ وکلاکو سہولیات دینے کے لئے بارروم اورچیمبروں کے لئے 62 کنال جگہ فراہم کردی گئی ہے اور سائلوں کے لئے عدالتوں کے باہراوراحاطوں میں بیٹھنے کے لئے جگہ کے ساتھ 36 الیکٹرک واٹرکولر نصب کئے گئے اوروہی پانی فراہم کیا گیا ہےجو جوڈیشل کالونی میں ججز کے بچے پی رہے ہیں ۔اس طرح مسجد کی تعمیرکاافتتاح کرنے کے ساتھ بینک اورپوسٹ آفس بھی قائم کیاجارہاہے ۔فاضل جج نے بتایا کہ پولیس نے اپناذکام ذمہ داری سے کیاہے اورقائداعظم ؒ کی تصویرگرانے کاکام یقیناًکوئی وکیل نہیں کرسکتا ہےجبکہ عدالتیں انصاف کرتی رہیں گی۔