سی پیک پاکستان کی ترقی کا سنگِ میل ہے خصوصی مراسلہ…صلاح الدین بٹ

December 14, 2017

سی پیک منصوبے سے خطے اور پاکستان کے مستقبل میں ترقی کا نیا روشن باب شروع ہوگا۔ اس منصوبے پر کامیابی سے عمل درآمد کرانے کے لئے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے عزم اور جدوجہدکی مثال قائم کی ہے۔ مستقبل میں بھی پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم ترین منصوبے کی راہ میں رخنہ ڈالنے والے پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے ایجنٹوں اور گماشتوں کے ناپاک عزائم پاکستانی قوم سے مل کر خاک میں ملانے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی اور نہ ہی اس کے لئے کسی قربانی سے دریغ کیا جائے گا ، اس کا ثبوت اس عزم کا اظہار ہے جو وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے چین کے قومی کمیشن ترقی و اصلاحات (این ڈی آرمی) کے وائس چیئرمین وانگ زیو تائو کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہو ئے کیا، ملاقات کے دوران پاک چین مشترکہ تعاون کے اجلاس اور سی پیک لانگ ٹرم پلان اور منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات پر غور بھی کیا گیا ، اور اعادہ کیا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے اس عظیم منصوبے کے لئے حکومت پاکستان اور عوام عوامی جمہوریہ چین کی قیادت کے بے حد مشکور ہیں ، سی پیک ایک گیم چینجر ہے اور اس منصوبے سے خیبر سے کراچی اور گوادر تک معاشی اور اقتصادی انقلاب برپا ہو گا ،یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا اور اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو نے کے قابل ہو جائے گا گو یہ منصوبہ پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہا اور وہ اس میں مسلسل رخنہ اندازی کر رہے ہیں اسکے باوجود انشاء اللہ یہ منصوبہ حکومت ، افواجِ پاکستان اور قوم کے بھرپور تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا ، سی پیک منصوبے کی تکمیل سے پاکستان سے غربت و افلاس، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا اورپاکستان میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا جس کی تکمیل کے بعد پاکستان کا شماربہترین صنعتی معیشت کے حامل ممالک میں ہوگا ، سی پیک کی مخالفت کرنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ یہ عظیم منصوبہ ان کے لئے بھی یکساں مفید اور اقتصادی طور پر نفع بخش ہے۔ سی پیک منصوبہ ایک خواب ہے اور اس خواب کی تعبیر ہونا شروع ہو چکی ہے ، سی پیک کے منصوبے پر چین پاکستان میں 55ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر رہا ہے چین چونکہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے اس لئے وہ اسکی ترقی کو بھی اپنی ترقی سمجھتے ہوئے ان منصوبوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کر تا وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو چین کی ترقی اور خوشحالی سمجھتا ہے ، چین پاکستان کے دفاع کو بھی اپنا دفاع سمجھتا ہے اس لئے چینی صدر اور اسکے دیگر حکومتی رہنمائوں نے پاکستان پر بھارت اور امریکہ کی طرف سے لگائے جانے والے دہشت گردی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میںپاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیاہے اس لئے کہ یہ حقیقت چین سمیت پوری دنیا پر عیاں ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اتحادی ہے، پاکستان نے اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں دی ہیں جبکہ اربوں ڈالر کا نقصان بھی اٹھایا ہے حالانکہ چین کی طرف سے اس منصوبے میں شرکت کے لئے بھارت کو بھی دعوت دی گئی تھی جسے اس نے مسترد کر دیا کیونکہ بھارت سی پیک کو اپنے لئے خطرہ سمجھتاہے، اسی لئے بھارت سی پیک منصوبے کو ہر صورت متنازع اور ناکام بنانے میں نئی سے نئی سازشوں میں مصروف ہے اور اس نے پاکستان دشمنی عزائم کی تکمیل کے لئے اربوں ڈالر بھی مختص کر رکھے ہیں جس میں اسے انشاء اللہ ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا اس لئےکہ سی پیک کے خلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جارہا ہے اور کیا جائے گا۔ پوری قوم اور ہماری سول اور عسکری قیادت اس منصوبے کو ہر حال میں مکمل کرے گی تاکہ بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے اور پاکستان کے عوام کو وہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں جن سے وہ عرصہ دراز سے محروم ہیں اور جو ان کا حق ہیں۔