عمران کو بچانے کیلئے ترین کو پھنسایا گیا، یہ اسکرپٹ کا حصہ ہے، ن لیگ

December 16, 2017

اسلام آباد (خبرایجنسی) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران کو بچانے کیلئے ترین کو پھنسایا گیا، یہ اسکرپٹ کا حصہ ہے، مریم اورنگزیب کا کہناہےکہ دھرنےوالا اے ٹی ایم بند ہوگیا، طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ عمران نا اہل ہوجاتے تو ڈگڈگی بجانے والے کس سے دھرنا کرواتے؟دانیال عزیز کا کہناتھاکہ فار و ق ستاراور خورشید شاہ بھی کہہ رہے ہیں سیاسی انجینئرنگ ہو رہی ہے، مصدق ملک کا کہناتھاکہ نواز شریف خاموش نہیں رہیں گے،یہ عوام کی آواز ہے۔ جمعے کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیزنے کہا کہ اس فیصلے کا مختصر لائحہ عمل نظر آتا ہے کہ جہانگیر ترین کو قربان کر کے انصاف کا دکھاوا کر کے عمران خان کو بچانا مقصود تھا، یہ عین اسکرپٹ کے مطابق ہے،1جون 2017کو اخباروں میں رپورٹنگ کی گئی جس کی کسی نے تردید نہیں کی، پی ٹی آئی کی فارنگ فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کو 5سال تک محدود کر دیا گیا ، یہ 5سال کی تاریخ بھی متنازع ہے، پی ٹی آئی وہ جماعت ہے جس میں عمران خان نے اعتراف کیا کہ جوئے کے ذریعے میں نے قرض اتارا، میں نے دبئی سے چھپا کر پیسے منگوائے ہیں، نواز شریف کی رپورٹ میں تو 1962تک چلے گئے تھے اور یہاں پانچ سال، کیا نواز شریف کو 5سال تک نہیں محدود کیا جا سکتا تھا؟ نظر آ رہا ہے کہ فیصلے میں الیکشن کمیشن پر 5سال کی قد غن لگا دی گئی ، یہ وہ ثبوت ہیں کہ دونوں فیصلوں میں الگ انصاف ہیں، فار و ق ستاراور خورشید شاہ بھی کہ رہے ہیں کہ سیاسی انجینئرنگ ہو رہی ہے ، آج پانچ سال کی قد غن نہ لگتی تو پی ٹی آئی ختم ہو جاتی، عمران خان کو 2009 میں نا معلوم افراد کی جانب سے جو ملین ڈالرز ملے اس کو کیوں چھپایا جا رہا ہے ؟۔