زینب قتل کیس میں پنجاب پولیس کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے، راجہ گلتاسب

January 18, 2018

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) قصور کی بے قصور زینب کے قتل کو کئی روز گزر گئے لیکن کوئی گرفتار نہ ہوسکا البتہ مجرموں کی گرفتاری کیلئے پُرامن مظاہرہ کرکے مجرم کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے والے بے گناہ گرفتار ہوگئے اور دو افراد پولیس کی فائرنگ سے جاںبحق ہوگئے۔ پنجاب پولیس ، تفتیشی اداروں کی کارکردگی ابھی تک سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف کاروباری وسماجی شخصیت الحاج راجہ گلتاسب خان، جامعہ مسجد ہارونیہ کے وائس چیئرمین الحاج راجہ جاوید اقبال انکروی، مولانا طارق مسعود اور سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری الیاس نے اپنے مشترکہ بیان میںکیا۔ الحاج راجہ گلتاسب خان نے کہا کہ پوری پنجاب پولیس اور دیگر اعلیٰ ادارے زینب کیس میںکئی روز سے ایڑی چوٹی کا زور لگاچکے ہیں لیکن کوئی پیش رفت نہیںہوئی، پولیس کو تفتیش کے طریقہ کار میںتبدیلی کرکے حتمی نتائج تک پہنچنا ہوگا، اس واقعہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری الیاس نے کہا کہ خادم اعلیٰ کیلئے یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے، لا اینڈ آرڈر کےدعوے کہاںگئے، پاکستان سمیت بیرون ملک آباد پاکستانی اس کیس کے حوالے سے خاصے پریشان اور گہری تشویش میںمبتلا ہیں۔مولانا طارق مسعود نے کہا کہ اس کیس کو انسانی ہمدردی کے تحت دیکھا جائے اس پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہر گز نہ کی جائے۔ہارونیہ مسجد کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین الحاج راجہ جاوید اقبال نے کہا کہ مجرم کو جتنا جلدی ممکن ہو گرفتار کرکے نشان عبرت بنایاجائے لیکن اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی حفاظت اور جنسی جرائم کے خاتمے کیلئے کمیونٹی کے اندر اجتماعی شعور بیدار کرنا ہوگا۔