ٹرمپ جتنی دھمکیاں دیں پاکستان دفاع کرنا جانتا ہے، غلام ربانی

January 18, 2018

برسلز( عظیم ڈار) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے سابق کوآرڈینیٹر اور سینئر رہنما غلام ربانی ربانی بابو بھائی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جتنی مرضی دھمکیاں دیں پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑ کر پوری دنیا پر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ امن کی خاطر ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ ٹرمپ کے بیان سے پاک ، امریکہ دوستی کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ خوشامدی کی پالیسی کو ترک کرکے خود داری کے راستے کو اختیار کریں حکومتوں کو دوام دینے کیلئے ہمارے حکمرانوں نے امریکی غلامی کا جو طوق پہن رکھا ہے اس سے پاکستان کبھی بھی ترقی یافتہ صفوں میںشامل نہیںہوسکتا۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان نے ہمیشہ امریکہ کی آنکھوںمیںآنکھیںڈال کر بات کی اور اسے یہ باور کرایا کہ پاکستان نے ہمیشہ قیام امن کو ترجیح دی ہے۔ بابو بھائی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہماری لیڈر شپ کی نااہلیوں نے پوری دنیا میں ملک کی رسوائی اور جنگ ہنسائی کرائی ہے۔ انہوںنے کہا کہ سابق وزیراعظم میاںمحمد نوازشریف وزارت عظمی کا عہدہ چھوڑنے کے باوجود آج تک حکومت کے کاموں میںرخنے اور دشواریاں ڈالے میںکوئی کسر نہیںچھوڑ رہے اور آج تک اپنی بیگناہی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں اب مثبت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے اور نااہل لیڈران کے جگہ جگہ جلسے جلوسوںپر پابندی عائد کرنی چاہئے جو کہ صرف وقت اور پیسے کے ضیاع کے علاوہ کچھ بھی نہیںہے۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوکر پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت میںتبدیل کریں اور اپنے ووٹ کو ماسوائے اہل اور ایماندار قیادت کے کسی بھی سیاسی، سماجی، لسانی، کاروباری، گروہی اور برادری کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ انہوں نے معصوم زینب کے بہیمانہ قتل پر افسوس کااظہار کیا اور کہا کہ معصوم بچوں اور بچیوںکے ساتھ زیادتی کے واقعات اور قتل حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے، ایسے واقعات سے ملک کی بدنامی ہورہی ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسی وارداتوں کے مرتکب مجرموں کے خلاف سخت قانون سازی کریں تاکہ دوبارہ ایسی کارروائیوں کی روک تھام کی جاسکے۔ بابو بھائی نے بھارتی گولہ باری کے نتیجے میںشہید ہونے والے جوانوںکو ملکی سلامتی کی خاطر جانوں کے نذرانوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوںکی آزادی سے کم مذاکرات پر کبھی بھی راضی نہ ہوگا۔