راجپوت کرنی سینا نےمودی سے فلم پدماوت پر پابندی کی درخواست

January 22, 2018

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ فلم ’پدماوت‘ کو اگرچہ بھارت کی سپریم کورٹ اور فلم سینسر بورڈ نمائش کی اجازت دے چکا ہے، تاہم پھر بھی فلم کی مشکلات کم نہ ہوئیں۔فلم کی ٹیم نے راجپوت کرنی سینا نامی ہندو انتہاپسند تنظیم کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اگرچہ فلم کے مناظر میں تبدیلیاں بھی کی ہیں، تاہم پھر بھی کرنی سینا کے کارکنان احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔راجپوت کرنی سینا کے احتجاج کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی نے گزشتہ روز پارٹی کے سربراہ کو خط لکھ کر انہیں فلم دیکھنے کی دعوت بھی دی۔نیوز 18کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے راجپورت کرنی سینا کمیونٹی کے سربراہ لوکندرہ سنگھ کلوی کو خط لکھ کر دعوت دی کہ وہ ان کے لیے ’پدماوت‘ کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کریں گے، وہ فلم کی نمائش سے قبل فلم دیکھ لیں۔تاہم انہوں نے ڈائریکٹر کی اس پیش کش کو مسترد کردیا۔لوکندرہ سنگھ کلوی نے پریس کانفرنس کے دوران سنجے لیلا بھنسالی کی دعوت کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا انہیں یہ دعوت اس وقت دی گئی، جب فلم کی نمائش کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس دعوت کا مقصد ہدایت کار کی جانب سے یہ دکھانا ہے کہ انہوں نے کرنی سینا کو فلم دکھانے کی پیش کش بھی کی، تاہم وہ اس دعوت کو مسترد کرتے ہیں۔ساتھ ہی لوکندرہ سنگھ کلوی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ وہ ’پدماوت‘ کی نمائش پر پابندی عائد کردیں۔ انہوں نے نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ سینماٹوگرافی ایکٹ کے سیکشن 6کے تحت فلم کی نمائش پر پابندی عائد کریں۔ راجپوت کرنی سینا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’پدماوت‘ کی نمائش نہ روکے جانے پر ان کی تنظیم کی خواتین اجتماعی خودسوزی بھی کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت کی1908رکن خواتین نے خود کو اجتماعی خود سوزی کیلئے رجسٹرڈ کروایا ہے، جو 24جنوری کو اس صورت میں اجتماعی خودکشی کریں گی، جب فلم پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔دوسری جانب فلم کی ٹیم نے پدماوت کے تین ڈائیلاگ پرومو 19جنوری جب کہ ’گھومر‘ گانے کی ویڈیو اس سے قبل جاری کی تھی۔خیال رہے کہ فلم کی ٹیم نے پدماوت کو 25جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے، اس فلم کے حق میں اکشے کمار نے اپنی فلم ’پیڈ مین‘ کی ریلیز کی تاریخ بھی تبدیل کردی۔سونم کپور، رادھیکا آپٹے اور اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر 25جنوری کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم اب اسے بعد میں ریلیز کیا جائے گا۔