رائو انوار اور ایس ایچ او گڈاپ کے خلاف مکینوں کا تھانے کے باہر مظاہرہ

January 22, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گڈاپ میں علاقہ مکینوں کا رائو انوار اور ایس ایچ او گڈاپ کے خلاف تھانے کے باہر جمع ہو کر مظاہرہ ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ رائو انوار اور اس کی ٹیم قبضہ مافیا کے سرپرست ہیں،تفصیلات کے مطابق گڈاپ کے مکینو ں نے اتوار کی صبح اچانک جلوس کی شکل میں پہنچ کرسابق ایس ایس پی ملیر کے دفتر اور تھانہ گڈاپ کا محاصرہ کرلیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کردی ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ راو انوار نے ایس ایچ او گڈاپ کو لگایا جو برسوں سے تعینات ہے،پولیس نے قبضہ مافیا کی سرپرستی کی اور ہمارے گھروں کو برباد کیا،مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ رائو انوار کو ہٹادیا گیا،اب ایس ایچ او کو ہٹاکر انکوائری کی جائے،سابق ایس ایس پی ملیر بادشاہ بنا ہوا تھا اور اس سے کوئی پوچھنے والا نہیں تھا،جبکہ رائو انوار کی وجہ سے لوگ احتجاج سے بھی ڈرتے تھے، دوسری جانب احتجاج کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ ضلعی افسران موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو کارروائی کی یقین دہانی کے بعد منتشر کردیا ۔