کراچی میں پولیس گردی کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،ثروت قادری

January 22, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ معصوم عاصمہ اور زینب زیادتی وقتل کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر گہری تشویش ہے ،حکومت اور انتظامیہ معصوم بچیوں کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے ،بچیوں کے والدین انصاف کی دھائی کررہے ہیں،ملک بھرکے عوام سوال کر رہے ہیں کیا وجہ ہے معصوم بچیوں کے قاتل گرفتار نہیں کئے جاسکے ،پولیس ودیگر ادارے اتنے بے بس ہوچکے ہیں یا ملزمان باثر شخصیات سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں خاموش شیلٹر فراہم کیا جارہا ہے ،قصور اور مردان کی پولیس افسران کی ناقص کارکردگی اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں ،بچیوں کے ورثاء کو انصاف دلانے اور خوف کی فضاے کو ختم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھانے ہونگے ،تحریک انصاف اور ن لیگ سیاست چمکانے کی بجائے مظلوموں کو انصاف دلائیں ،نقیب اللہ کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پولیس گردی میں اضافے پر پوری قوم کو گہری تشویش ہے کلفٹن میں انتظار کا پولیس گردی کا واقعہ افسوسناک ہے ،کراچی میں پولیس گردی کو روکنے اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔