نارویجن پاکستانیوں کی خدمات قابل ستائش ہیں، سفیر پاکستان رفعت مسعود

February 08, 2018

ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود نے پاکستان کے لیے نارویجن پاکستانیوں کی سماجی و رفاعی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وہ گذشتہ روز اپنے اعزاز میں پاک۔ناروے فورم اور ہیومن سروسز ناروے کے عہدیداروں سمیت نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات کی طرف سے دارالحکومت اوسلو میں ایک استقبالیے سے خطاب کررہی تھیں۔

سفیرپاکستان رفعت مسعود نے کہاکہ وہ نارویجن پاکستانی کے جذبات کو سراہتی ہیں جو ناروے میں رہتے ہوئے بھی پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں اور پاکستان میں اپنے عزیز واقارب کی مدد کے علاوہ دیگر مختلف رفاعی کاموں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے نارویجن پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ناروے میں رہتے ہیں لیکن آپ کو اپنے علاقے اور گاؤں کا خیال ہے۔ آپ پاکستان میں نادار اور مستحق لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ یہ کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس موقع پر اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر مبشر بنارس نے ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے مابین اتفاق و اتحاد کے حوالے سے سفیرپاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور خاص طورپر حالیہ چودہ اگست ، یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ایک مشترکہ تقریب کے انعقاد کو سراہا۔

استقبالیے کے دوران پاک۔ناروے فورم کے صدر اسماعیل سرور اور جنرل سیکرٹری وسیم شہزاد اور ہیومن سروسز ناروے کے چیئرمین خالد کسانہ اور سابق چیئرمین غلام سرور بھی موجود تھے۔