چین کا خوف، بھارت بحر ہند میں فوجی اڈا بنائیگا

February 23, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت بحرہند کے جزیرے پر ایشین سوپر پاور چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایک فوجی اڈا بنانے جارہا ہے ، شمالی مدغاسکرکے جزیرہ سیشلز میں بھارت اپنے چوٹی کے دشمن چین کی بحر ہند میں بڑھتی ہوئی طاقت کو کم کرنے کے لیے نئی بحری تنصیبا ت لگا رہا ہے ، افریقی ساحل سے دور سیشلز میں بحری اڈے میں فوجی اور بحری تنصیبات سمیت فضائی اڈہ بنانے کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ، بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق جزیرہ سیشلز سے معاہدے میں ہر فضائی اڈے کے ساتھ ری فلنگ کی سہولت بھی رکھی جائے گی ۔برطانوی ٹی وی کے مطابق بیجنگ اور نئی دہلی کے درمیان مالدیپ کے معاملے پر صورتحال مزید کشیدہ ہورہی ہے، دونوں حریف مالدیپ پر اپنا اثرورسوخ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے چین کے ون بیلٹ ون روڈ پروگرام پر دستخط کیے ہیں جس کے بعد بھارت اور چین کے درمیان شدت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے ۔ اس تجارتی پروگرام ون بیلٹ ون روڈ میں چین نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ،بھارت اب اس اڈے سے نیو سلک روٹ اور ون بیلٹ ون روڈپر بھی نظر رکھ سکے گا ۔ خارجہ امور کے سیکریٹری براہ منیم جے شنکر نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ صرف جزیرہ سیشلز کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنا ہی نہیں بلکہ اس شراکت داری کو دوسری سطح تک بھی لے کر جانا ہے۔