دبئی کرکٹ اسٹیڈیم دوسرے روز بھی ’خالی‘

February 24, 2018

پاکستان سپر لیگ کے بخار کو شائقین کرکٹ نے اپنے سحر میں مبتلا کیا ہوا ہے لیکن دبئی میں یہ ٹورنامنٹ شائقین کرکٹ کو اپنی جانب توجہ نہیں دلاسکا ہے۔

جمعے کو پی ایس ایل کے دوسرے دن بھی دبئی اسٹیڈیم بھر نہیں سکا۔ کوئٹہ اور کراچی کے میچ میں آدھا اسٹیڈیم خالی تھا۔ جو تماشائی گرائونڈ میں تھے ان کی اکثریت پاکستان اور بیرون ملک سے آئی تھی۔

جمعے کو چھٹی والے دن دو بڑے میچ تھے تاہم اسٹیڈیم میں کافی جگہ خالی تھی ۔

تماشائیوں کے فیورٹ شاہد آفریدی بھی ایکشن میں دکھائی دیئے۔ دبئی اسٹیڈیم شہر سے دور ہے جبکہ شارجہ، ابوظہبی اور العین اور دیگر شہروں کے تماشائیوں کو یہاں پہنچنے میں مشکل پیش آتی ہے۔

اس کے مقابلے میں شارجہ اسٹیڈیم شہر کے وسط میں ہے جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد گرائونڈ کا رخ کرتی ہے۔