احمد رئیس کی غزل

March 14, 2018

صعوبتوں میں بھی رشتے بناکے چلتے ہیں

ہم ایسے خاک نشیں سر اُٹھاکے چلتے ہیں

چراغ ہاتھ میں رکھتے نہیں اندھیرے میں

چراغ خود کو ہمیشہ بنا کے چلتے ہیں

وہ اور ہوں گے، جنہیں چاہیے تری قربت

ہم اپنے تن میں تجھی کو بسا کے چلتے ہیں

تمہیں کو مرکزِ قلب و نظر سمجھتے ہیں

تمہیں کو دل میں ہم اپنے بسا کے چلتے ہیں

ہمارے ساتھ دعائوں کا اک ہجوم سا ہے

قیامتوں سے قدم ہم ملا کے چلتے ہیں

دل و نظر پہ ہیں پہرے لگے ہزار مگر

تمام راہ کے پتھر اُٹھا کے چلتے ہیں

اگرچہ ربط و تعلق ہے ایک عرصے سے

مگر نظر وہ ہمیشہ چُرا کے چلتے ہیں

ہم اپنی راہ پہ چلتے ہیں کروفر سے رئیس

ہم اپنے خوابوں کو منزل بنا کے چلتے ہیں