الیکشن میں روسی مداخلت کی تحقیقات بندکی جائے، ٹرمپ وکیل

March 18, 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے محکمہ انصاف سے اپیل کی ہے کہ انتخابات کے دوران ٹرمپ کی الیکشن ٹیم اور روس کے درمیان رابطوں کی تحقیقات بند کی جائے۔

ٹرمپ کے وکیل جان ڈوڈ نے کہا کہ انہیں امید ہے قائم مقام اٹارنی جنرل ان تحقیقات کو روک دیں گے جن کی بنیاد برطرف اہلکار میک کیب کے باس جیمز کومے نے غلط دستاویزات پر رکھی تھی ۔

ایف بی آئی، محکمہ انصاف اور محکمہ خارجہ نے اس معاملے میں بہت جھوٹ بولے اسی لیے جعلی خبروں کی بنیاد پر مک کیب کو نکالا گیا ہے۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ ان کی الیکشن ٹیم اور روس کے درمیان کوئی رابطے نہیں تھے ،صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایف بی آئی نے تحقیقات کے حوالے سے بڑے جھوٹ بولے ہیں ۔

دوسری جانب برطرف کیے جانے والے ایف بی آئی کے اہلکار اینڈریو میک کیب نے کہا ہے کہ وہ جلد ساری پول کھول دیں گے اور پھر امریکی عوام خود فیصلہ کرلیں گے ۔

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ میک کیب کے پاس صدر ٹرمپ سے سرکاری رابطوں کا تمام ریکارڈ موجود ہے جس سے وہ یہ بات ثابت کرسکتے ہیں کہ انہوں نے تفتیش کے بارے میں جھوٹ سے کام لیا یا نہیں؟