میں گاندھی یا نیلسن منڈیلا نہیں،سعودی ولی عہد

March 20, 2018

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بِن سلمان نے کہا ہے کہ وہ اپنے شاہانہ طرز زندگی پر شرمندہ نہیں اور نہ ہی اس بات پر پر معافی مانگیں گے، میں گاندھی یا نیلسن منڈیلا نہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کے دورے پر روانگی سے پہلے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کو ایک تفصیلی انٹرویو میں سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ان کے ذاتی اخراجات ایک نجی معاملہ ہے۔

یاد رہے کہ شہزادہ محمد آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مہمان ہوں گے۔

ولی عہد سے اخراجات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ میری ذاتی زندگی ہے اور یہ مجھے پسند ہے، میں اس قسم کی باتوں کا جواب دینے سے کتراتا نہیں۔ اگر کوئی اخبار ایسی باتوں پر انگلی اٹھاتا ہے، تو یہ اس کا مسئلہ ہے‘

شہزادہ محمد بن سلمان کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاں تک میرے ذاتی اخراجات کا تعلق ہے، تو میں ایک امیر آدمی ہوں۔ میں غریب نہیں۔ میں گاندھی یا نیلسن منڈیلا نہیں۔ میرا تعلق حکمران خاندان سے ہے جو صدیوں سے دولت مند رہا ہے‘