خوف و دہشت سے بھرپور ڈرامہ سیریل ”سایہ“ کا آج سے جیو ٹی وی پر آغاز

March 21, 2018

کراچی (جنگ نیوز)ڈر، خوف، دہشت، ہیبت ، سسپنس، مسٹری، قتل اور گھریلو مسائل پر مشتمل نئی ڈرامہ سیریل ”سایہ “ بدھ سے باقاعدہ ”جیو ٹی وی“ پر شروع ہوگی۔

جیو پر یکے بعد دیگر متعدد سپر ہٹ ڈراموں سے لطف اندوز ہونے کے بعد ناظرین اب Horror Storyسے بھی محظوظ ہوں گے۔

ڈرامے کی کہانی صالحہ نامی خاتون سے شروع ہوتی ہے جس کی دو چھوٹی بیٹیاں ہیں جبکہ صالحہ کی ساس عتیقہ اپنی بہو سے صرف بیٹا چاہتی ہے۔

بدقسمتی سے جب بیٹے کی پیدائش ہوتی ہے تو بچے کی جگہ اسپتال میں بچی رکھ دی جاتی ہے۔

اب اِن تین بیٹیوں کو اپنے گھر کا بوجھ سمجھنے والی صالحہ کی ساس عتیقہ اپنی بہو پر کالا جادو کراکے اُسے قتل کرادیتی ہے۔ صالحہ کی موت کے بعد اس گھر میں ڈر اور خوف کا سایہ بڑھنا شروع ہوجاتا ہے۔

کہانی آگے بڑھتی ہے تو اِن بیٹیوں کا باپ راشد اپنی ماں کے مسلسل دباؤ میں آکر دوسری شادی کرلیتا ہے لیکن سوتیلی ماں بچیوں کے ساتھ ساس پر بھی بے رحم مظالم ڈھانا شروع کردیتی ہے۔ کہرام زدہ گھر میں جب نفرت اور ظلم کی حدیں پار ہونے لگتی ہیں تو پھر اِس گھر میں پر اسرار اور خوفناک سرگرمیاں شروع جاتی ہیں۔ کئی دِل دہلادینے والے حادثات رونما ہونے لگتے ہیں، گھر میں زندہ رہنے والوں کو اپنی قبریں تک نظر آنا شروع ہوجاتی ہیں۔جنت نما گھر کو ہیبت ناک بنانے میں کس کا ہاتھ ہے، آخر دِل دہلا دینے والے واقعات اور حادثات کے پیچھے کیا راز چھپے ہیں؟۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


یہی سب اس ڈرامے کی دلچسپ کہانی میں تہہ در تہہ پوشیدہ راز ہیں۔ سلیم اقبال، سنبل شاہد، سہیل سمیر، ماہم عامر، کرن تعبیر ، فیضان شیخ، ثنا پرویز ، سلیم معراج اور فلک ناز ڈرامے کے نمایاں کرداروں میں شامل ہیں۔

خوفناک کہانی کو وجیہہ سحر نے بہت عمدگی سے تحریر کیا ہے جس کی ڈائریکشن سید محمد خرم نے دی ہیں اور یہ پیشکش بابرجاوید کی ہے۔

ڈرامہ سیریل ”سایہ“ اب ہر بدھ اور جمعرات کی رات 9 بجے جیو ٹی وی سے نشر کیا جائے گا۔