شریفاں بی بی کیس ،پولیس نے پیشرفت رپورٹ پشاور ہائیکورٹ میں پیش کردی

March 21, 2018

پشاور(نمائندہ جنگ)ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان نے ڈیرہ کی شریفاں بی بی کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹ پشاورہائی کورٹ میں پیش کردی ہے ۔ فاضل بنچ نے مرکزی ملزم سجاول کی گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 26اپریل تک ملتوی کردی ہے ۔ عدالت عالیہ کے جسٹس روح الامین خان اور جسٹس اکرام اللہ خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے قاضی انورایڈوکیٹ کی وساطت سے شریفاں بی بی کوتحفظ فراہم کرنے کے لئے دائردرخواست کی سماعت کی اس موقع پرڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان کریم خان پیش ہوئے اورعدالتی استفسارپربتایا کہ ملزم سجاول کی گرفتاری کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے عدالت کوبتایا کہ وزارت داخلہ کے ذریعے ملزم کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیاگیاہے جبکہ اس کاقومی شناختی کارڈ بھی بلاک کردیاگیاہے ۔اسی طرح ملزم کی ملکیتی 138کنال اراضی بھی قرق کردی گئی ہے ،سجاول کی گرفتاری کے لئے اب تک 30چھاپے مارے جاچکے ہیں، ملزم کو پناہ دینے پرقریبی عزیزوں کے خلاف5مقدمات درج کئے جاچکے ہیں جبکہ لیہ میں ایک اعلیٰ شخصیت کے ہاں پناہ کی اطلاع پروہاں بھی چھاپہ ماراجاچکاہے ۔ملزم کو اب تک پاسپورٹ بھی جاری نہیں ہوا جس سے اندازہ ہوتاہے کہ وہ بیرون ملک فرارنہیں ہوا۔ جس پرفاضل بنچ نے پولیس کو مرکزی ملزم سجاول کی گرفتاری کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 26 اپریل تک ملتوی کردی -