سی پیک منصوبوں میں شفافیت کیلئے چین کیساتھ ایم اویوزپر دستخط کئے،چیئرمین نیب

March 23, 2018

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاویداقبال نے کہا ہے کہ نیب کی بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے ساتھ ساتھ بدعنوانی سے آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ پر 2018ء میں بھی عملدرآمد جاری ہے۔سی پیک منصوبوں میں شفافیت کیلئے چین کیساتھ ایم اویوزپر دستخط کئے،بدعنوانی کیخلاف تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں،یقین ہےسول میڈیا،عوام اور دیگرکےتعاون سے کرپشن رک سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کی آگاہی اور تدارک مہم کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آگاہی و تدارک نیب نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایات پر لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے بدعنوانی سے انکار کے پیغام کے ذریعے آگاہی و تدارک کی مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب نیشنل اکائونٹبلیٹی آرڈیننس کے سیکشن 33سی کے تحت بدعنوانی کے خلاف آگاہی اور تدارک کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔نیب لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے مختلف سرکاری ، غیر سرکاری اداروں ،میڈیا ،سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقوں کے ساتھ کام کررہا ہے۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نیب کے ان اقدام کو سراہا ہے۔ نیب کی بدعنوانی کے خلاف آگاہی اور تدارک کی مہم " بد عنوانی سے انکار " کو پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا میں مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔نیب نے یونیورسٹی اور کالجوں کے طالب علموں میں بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہتمی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔تمام شیڈولڈ بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں،یوٹیلٹی بلوں پر نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج کیا جا رہا ہے۔ نیب کے تعاون سے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 24لاکھ ڈرائیونگ لائسنس پر نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج کیا ہے۔چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب نے سی پیک منصوبوں میں نگرانی اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے چین کی ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔نیب ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ 2018ء میں بھی بدعنوانی کے تدارک کی مہم جاری ہے۔ نیب کو یقین ہے کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام سمیت تمام متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے بدعنوانی کو روکا جا سکتا ہے۔