تپ دق سے متاثرہ ممالک میں پاکستان کا پانچواں نمبر

March 23, 2018

پاکستان تپ دق سے متاثرہ ممالک میں دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا، ہر ایک لاکھ میں سے 268 افراد تپ دق سے متاثر ہیں، ماہرین کہتے ہیں ٹی بی کے خاتمہ کے لیے سب کو مل کر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

تپ دق یا ٹی بی کا جرثومہ صرف پھیپڑوں کو نہیں ہڈیوں اور بعض اوقات دماغ کی جھلی کو بھی متاثر کرتا ہے۔ مسلسل بخار، وزن کا گھٹنا، کھانسی، بلغم سے خون آنا جیسی علامات ہوں تو فوری تشخیص ضروری ہے۔ بر وقت تشخیص ہوجائے تو علاج ممکن ہے۔

ڈاکٹر پروفیسراکرام ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال5 لاکھ کیسز ہمارے سامنے آتے ہیں ابھی بھی اصل صورت حال اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے، آبادی بڑھنے اور غربت کے باعث ٹی بی پر مکمل قابو پانا آسان نہیں، اس تناظر میں اس ڈزیز کے نمٹنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

ماہرین کے مطابق کم آمدنی والا طبقہ خواتین، بچے، بزرگ، تارکین وطن، پناہ گزین، قیدی، نسلی اقلیتیں، کان کن اور متاثر ہ علاقوں میں کام کرنے والے دیگر لوگ تپ دق کےخطرات میں زیادہ رہتے ہیں۔