پاکستان کیخلاف سرگرم قوتوں کا مقابلہ کرنےکیلئے متحد ہونا ہوگا،احمدامجدعلی، بریڈفورڈ قونصلیٹ میں پرچم کشائی

March 24, 2018

بریڈ فورڈ( محمد رجاسب مغل) دنیا بھر کی طرح لٹل پاکستان بریڈ فورڈ میں78واں یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے کے ساتھ بریڈ فورڈ قونصلیٹ میںمنایا گیا۔ قونصل جنرل احمد امجد علی نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم فضا میں بلند کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے پہلے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے انہوںنے کہا کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں وجود میںآیا 23مارچ کو پاس ہونے والی قرارداد میں صرف مسلمان ہی نہیںبلکہ اس میںغیر مسلم بھی تھے، ہمیں معاشرے میںرواداری کو قائم رکھنا ہوگا۔ ایک دوسرے کے مذہب کا احترام اور برداشت کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے بھی حجۃ الوداع میںیہ واضح پیغام دیا کہ کسی کو دوسرے پر کوئی فوقیت نہیں، انہوںنے کہا کہ برطانیہ میں انتہا پسندی کے حوالے سے جو نئی لہر پیدا کی گئی ہے اور مسلمانوںکو انتہا پسند تنظیم کی جانب سے خطوط ارسال کیے جارہے ہیں اس کے لئے ہمیںمثبت طرز عمل کااختیار کرنا ہوگا۔ پیار کے پیغام کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک زنجیر کی مانند ہیں ہمیںمتحدہوکر پاکستان کے خلاف کام کرنے والی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میںجمہوریت کے استحکام کے لئے جمہوری روایات کو فروغ دینا ہوگا تاکہ معاشرے میںرواداری، ہم آہنگی، برداشت اور بھائی چارے کی فضا پروان چڑھ سکے۔ اس موقع پر یوم پاکستان کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ یوم پاکستان کی تقریب میںبریڈ فورڈ ویسٹ کی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ، نامزد لارڈ میئر ظفر علی، طارق بٹ، گوہر الماس خان، بابو مشتاق، چوہدری الطاف حسین، اشتیاق میر، سابق لارڈ میئر نویدہ اکرام، کونسلر امیدوار فلک ناز، سمیعہ ناز، محمد شفیق چوہان، شرجیل ملک کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چھوٹے بچوںنے ملی نغمے پیش کئے، استحکام پاکستان اور اس کی ترقی کے لئے امجد خان نے خصوصی دعا کی۔