4اپریل سے ہوم آفس کی نئی فیس

March 24, 2018

امیگریشن قوانین … ڈاکٹر ملک کے ساتھ
ہوم آفس نے حسب روایت اپنی نئی فیسوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ان نئی فیسوں کا اطلاق4اپریل سے ہوگا۔ گزشتہ سال حکومت اور ہوم آفس نے اپنی فیسوں میں بے انتہا اضافہ کیا تھا جس پر ہم نے کافی احتجاج کیا تھا اور امیگرنٹس پولیٹیکل پارٹی کی جانب سے ایک مہم بھی چلائی تھی۔ گزشتہ سال کے احتجاج اور شورشرابے کا ایک فائدہ یہ ہوا ہے کہ اس سال حکومت نے اضافہ صرف چار فی صد تک کیا ہے۔ برطانیہ میںکچھ ہی عرصہ قبل تک سوائے برطانوی شہریت کی درخواست کے اور کسی بھی درخواست پر کوئی فیس نہیںلی جاتی تھی۔ لیکن تارکین وطن کی جانب سے کسی قسم کی کوئی آواز نہ اٹھانے پر حکومت نے نہ صرف امیگریشن کی تمام درخواستوں پر رفتہ رفتہ فیس عائد کرنا شروع کردی بلکہ اس میں ہوش ربا حد تک اضافہ بھی کیا جانے لگا۔ حالیہ دو، تین سالوں میںحکومت نے امیگریشن کی بعض درخواستوں پر 250فی صد سے زائد اضافہ کیا۔ اس ضمن میں ہمارا موقف تھا کہ اگر مہنگائی کی وجہ سے ہرسال حکومت تنخواہوں میںاضافہ کرتی ہے جوکہ پانچ فی صد کے لگ بھگ ہوتا ہے، اسی طرح اگر امیگریشن کی درخواستوں میں فیس کا اضافہ کرنا لازمی ہے تو وہ تنخواہوں میںاضافے کے تناسب سے ہونا چاہئے۔ اگر ایک سال میں تنخواہوں میںچار فیصد اضافہ ہوتا ہے توامیگریشن کی فیسوں میںبھی چار فی صد کے تناسب سے ہی اضافہ ہونا چاہئے۔ اس سال حکومت نے اس تاویل کو پیش نظر رکھتے ہوئے برطانیہ کے اندر سے کی جانے والی درخواستوں میںصرف چار فی صد اضافہ کیا ہے جبکہ بیرون برطانیہ سے کی جانے والی درخواستوں میںپندرہ فیصد تک اضافہ کیا ہے دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک میںیہ دستور ہے کہ اگر کوئی شخص بے روزگارہے یا اس کو کام کرنے کی اجازت نہیںہے تو ایسے شخص سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی ہے ۔ برطانیہ میں بھی اسی اصول کا اطلاق ہونا ضروری ہے اور اس کے پیش نظر ان تمام امیگرنٹس کو ہوم آفس کی فیسوں سے متثنیٰ قرار دے دیا جانا چاہئے جوکہ بے روزگار ہیں یا جن کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر برطانیہ میں رہنے والے تارکین وطن اور امیگرنٹس اس ضمن میں دلچسپی لیںاور وقت نکال کر اپنے لوکل ایم پی ایز کو ملیں جو کہ حکومت سے یہ مطالبہ کرے تو یہ معاملہ حل ہوسکتا ہے یا پھر اگر اس ضمن میں ایک درخواست کی جائے جس پر کہ ایک لاکھ سے زائد لوگ دستخط کریں تو پھر یہ معاملہ پارلیمنٹ میںزیر بحث آسکتا ہے۔ اس سے قبل اس طرح کی دی جانے والی درخواستوں میںہماری امیگرنٹس کمیونٹی نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ہے جس کے نتیجہ میںیہ گوناں گو مسائل سے دوچار ہے۔ اس ضمن میں ہم ایک درخواست کررہے ہیں جوکہ چند دنوں تک فیس بک پر آجائے گی اگر اس درخواست میں لوگ دلچسپی لیں اور ایک لاکھ سے زیادہ اس پر فیس بک یا سوشل میڈیا میں ہاں کریں تو یہ معاملہ پارلیمنٹ میںجائے گا جہاں اس پر بحثہوگی ہوم آفس کی جانب سے اعلان کردہ نئی فیسوں کا اطلاق 4اپریل سے ہوگا ان کی مکمل تفصیل ہوم آفس کی ویب سائٹ پر ہے تاہم چیدہ چیدہ معلومات حسب ذیل ہیں۔
اقسام ویزا پرانی فیس نئی فیس
چھ ماہ کا وزٹ ویزا £89 £93
دو سالوں کا وزٹ ویزا £337 £350
پانچ سالوں کا وزٹ ویزا £612 £636
برطانوی شہریت £1282 £1330
بچوں کی برطانوی شہریت £973 £1012
سکونت میں توسیع £993 £1033
اسی دن فیصلہ کے لئے £590 £610
شادی کا ویزا £1464 £1523
شادی کا ویزا اسی دن £551 £573
برطانیہ کی مستقل سکونت £2297 £2389
امیگریشن حکام کی گھر پر آکر ویزا دینا £10,500 £10,500