سعودی عرب کے راستے پہلی بھارتی پرواز اسرائیل پہنچ گئی

March 24, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے اسرائیل جانے کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پہلی پرواز مکمل کی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ یسرائیل یاٹس نے کہا ہے کہ ایئر انڈیا کی نئی دہلی سے تل ابیب کے لیے پرواز ان کے ملک اور سعودی عرب کے درمیان پہلا باضابطہ تعلق ہے۔اسرائیل کے وزرت سیاحت یاریف لیفین کا کہنا ہے سعودی فضائی حدود کے استعمال سے پرواز کے وقت میں 2 گھنٹے کی کمی کے ساتھ ساتھ کرایوں میں بھی کمی ہوگی۔جمعرات کو ایئر انڈیا کی دہلی سے اڑان بھرنے والی پرواز اے آئی 139 تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے پر گرین وچ معیاری وقت کے مطابق شام 7 بج کر 45 منٹ پراتری۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی قومی ایئرلائن ال عال انڈین شہر ممبئی کے لیے پرواز کرتی ہے جس کے لیے وہ سعودی عرب اور ایران کی فضائی حدود کے بجائے بحیری احمر کا راستہ اختیار کرتی ہے۔سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کے سفارتی تعلقات قائم نہیں ہے۔