کمرشل پلاٹوں کے تین روزہ نیلام عام کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

March 25, 2018

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)سی ڈی اے نے اسلام آباد کے ڈویلپڈ سیکٹروں بشمول بلیو ایریاء کے کمرشل پلاٹوں کے تین روزہ نیلام عام کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کمرشل پلاٹوں کایہ نیلامِ عام جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں27 سے 29 مارچ تک جاری رہے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے عثمان اختر باجوہ نے نیلام عام کو شفاف بنانے کے لیے سی ڈی اے کے ممبر فنانس ڈاکٹر فہد ہارون عزیز کی سربراہی میں 11 رکنی آکشن کمیٹی کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی کے ممبران میں ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن اسد محبوب کیانی کے علاوہ ممبر اسٹیٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لاء، ڈپٹی فنانشل ایڈوائزرII- ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، ڈائریکٹر اربن پلاننگ، ڈائریکٹر ریجنل پلاننگ،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ II-اور ڈپٹی ڈائریکٹر (فنانس) شامل ہیں ۔نیلامی کے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے چیئرمین آکشن کمیٹی ممبر فنانس ڈاکٹر فہد ہارون عزیز کی زیرِ صدارت کمرشل پلاٹوں کی آکشن کمیٹی کا اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آکشن کمیٹی کے ممبران نے نیلامی کے لیے پیش کیے جانے والے پلاٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ آکشن کمیٹی کو بتایا گیا کہ بلیو ایریاء میں دو ہائی رائز بلڈنگز کے پلاٹوں کے علاوہ 22 کلاس تھری شاپنگ سینٹرز کے پلاٹ شامل ہیں جن میں سیکٹر F-6/2 کے دو،سیکٹر F-8/4 کا ایک ،سیکٹر F-10 کے دو،سیکٹرF-11 کے دو،سیکٹرG-10 کا ایک،سیکٹرG-11کے تین ،سیکٹرD-12 کے چار ،سیکٹرI-8/2 کا ایک، سیکٹر I-11 کے دو، شہزاد ٹائون میں کلاس تھری شاپنگ سینٹر کا ایک پلاٹ اورسیکٹر I-14 میں تین پلاٹ آکشن کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ اسی طرح اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز کے 09 کمرشل پلاٹ، مرکز D-12 کے دو پلاٹ ، دو پلاٹ مرکز I-8 میں اور ڈپلومیٹک انکلیو کے تین پلاٹ نیلام عام کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ نیلام عام کے ان تین یوم کے دوران اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے مرکز F-10 ،G-11/1 اورG-13/3 میں واقع تین پلاٹ بھی نیلام کیے جائیں گے جبکہ مرکز G-11 میں ایک ہسپتال اور ایک ہوٹل کے لیے ، بلیو ایریاء/ F-7 میں فلنگ سٹیشن اور مائو ایریاG-8/1 میں پیٹرول پمپ کے پلاٹس برائے نیلامی پیش کیے جائیں گے۔ اسی طرح سیکٹر H-8/2 میںکمیونٹی کور کا ایک پلاٹ، سیکٹرH-11/4 میں ایک کمرشل پلاٹ اور مارگلہ ٹائون فیزII- میں دو کمرشل پلاٹس نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے جبکہ متذکرہ بالا کمرشل پلاٹوں کے نیلام عام میں سیکٹر I-10/3 انڈسٹریل ایریاء میں دو پلاٹ بھی نیلام کیے جائیں گے۔