پاکستان کی زبردست بیٹنگ، ویسٹ انڈیز کو 204 رنز کا ہدف

April 01, 2018

پاکستان نے مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں کامیابی کےلئے 204 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں گرین شرٹس نے مقررہ 20اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر203 رنز بنائے ،جو ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان بیٹنگ لائن کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹی 20 میں اپنا بہترین اسکور بھی برابر کردیا ہے، گرین شرٹس نے 2008ء میں بنگلا دیش کےخلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر ہی 203رنز بنائے تھے، پاکستان کی طرف سے حسین طلعت 41،فخرزمان 39 ، سرفراز احمد 38رنز اورشعیب ملک کے ناقابل شکست 37رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر قابل دفاع ہدف سجایا۔

نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،گرین شرٹس کی طرف سے اننگز کے آغاز کے لئے بابر اعظم اور فخرزمان میدان میں اترے۔

کراچی:ویسٹ انڈیزکی ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت

سیموئل بدری کے پہلے اوور میں فخرزمان نے لگاتار 3 چوکے لگائے اور 6 گیندوں پر 13 رنز سمیٹے جبکہ کیموپال کے دوسرے اوور میں دونوں کھلاڑیوں نے مزید 6 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکوربغیر کسی نقصان کے 19 رنز تک پہنچادیا۔

تیسرے اوور میں گرین شرٹس کے اوپنر 10 جبکہ چوتھے اوور میں 11رنز کا اضافہ کیا ،یوں 10 کی اوسط سے 40رنز بنائے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ پانچویں اوور کی آخری گیند پر گری ،بابر 13 گیندوں پر 17 رنز بناسکے، انہیں ایمرت نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔

گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 65 کے اسکور پر گرگئی ، دوسرے اوپنر فخرزمان 1چھکے اور 6چوکوں کی مدد سے 39رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے ،انہوں طلعت حسین کے ساتھ دوسری وکٹ پر 19رنز جوڑے۔

تیسری وکٹ پر حسین طلعت اور کپتان سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں طرف خوبصورت اسٹروکس کھیلے ،دونوں کھلاڑیوں نے 75رنز کی شراکت قائم کی ۔

حسین طلعت 140 کے مجموعی اسکور پر 41 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے ،انہوں نے ا س دوران 1چھکا اور دو چوکے بھی لگائے۔

کپتان سرفراز احمد 150 کے اسکور پر پاول کی بال پر گیند فیلچر کو تھما بیٹھے ،انہوں نے 1چھکے اور 4چوکے کی مدد سے 38رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 156 کے اسکور پر گری ،آصف علی کو پائول نے بولڈ کیا،وہ صرف 1رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

چھٹی وکٹ پر شعیب ملک اور فہیم اشرف نے دھواں دھار بیٹنگ کی اور کئی شاندار چھکے لگائے ،دونوں کھلاڑی نے اس دوران ناقابل شکست 47 رنز کی شراکت قائم کی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیموپال،ریاد ایمرت اور پاول نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی ۔