خیبر پختون خوا حکومت نے قرض لینے کا ریکارڈ بنا لیا

April 09, 2018

خیبر پختون خوا کی پی ٹی آئی حکومت نے قرضے لینے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔

دستاویز کے مطابق کے پی کے حکومت کی جانب سے 3منصوبوں کے لیے 99ارب 47کروڑ 50لاکھ روپے قرض لیا گیا، جن میں بس ریپڈٹرانزٹ، توانائی اور آبپاشی کے منصوبے شامل ہیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی کے لیے 41ارب 88کروڑ روپے سے زائد قرض لیا گیا،جبکہ مالیاتی اداروں نے مزید ایک کھرب 83ارب روپے قرضہ دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ قرضوں کی رقم دیگر 10 منصوبوں پر خرچ کی جائے گی،جن میں سڑکوں کی مرمت، زراعت، سیاحت، توانائی اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے شامل ہیں۔

دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ قرضوں کی ادائیگی 20 سے 38 سال کے دوران کی جائے گی، جن پر مارک اپ اعشاریہ 6سے 2 فیصد ہے۔

یہ تمام قرضے ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک، سعودی اور فرانسیسی اداروں سے لیے گئے یا لیے جائیں گے۔