سوات کا امن تباہ نہیں ہونے دینگے، پاکستان زندہ باد موومنٹ

April 12, 2018

پاکستان زندہ باد موومنٹ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سوات میں قربانیوں کے بعد قائم ہونے والے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہورہی ہے، افغانستان اور بھارت کے ایجنٹوں کو سوات کا امن تباہ نہیں کرنےدیں گے۔

پاکستان زندہ باد موومنٹ کی جانب سے سوات کے علاقے مٹہ میں جلسہ منعقد کیا گیا، جلسے کے شرکا نے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سوات میں قربانیوں کے بعد امن قائم ہوا ہے، اسے تباہ نہیں ہونے دیں گے، پاکستان اور سوات میں دوبارہ حالات خراب کرنے کی سازش ہورہی ہے،افغانستان اور بھارت کے ایجنٹوں کو سوات کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی مٹی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاک فوج نے ہمیشہ مٹی کی حفاظت کیلئے قربانیاں دیں۔

مقررین کا یہ بھی کہنا تھا کہ پختونوں کے نام پر دوبارہ دہشت گرد سوات میں جنم لے رہے ہیں، پختون قوم متحد ہوکر افغان ایجنٹوں کی سازش کو ناکام بنائے اور پاک فوج سے تعاون کرے۔