گھر کے اندرونی و بیرونی حصوں میں سوئمنگ پول کی تعمیر

April 15, 2018

پانی انسانی زندگی اور انسانی جسم کا ایک اہم جز ہے اس کی اہمیت سے کسی ذی روح کو انکار ممکن نہیں اور جب بات ہو گھر کی تعمیر کی تو باتھ روم ہو یا کچن ،بالکنی ہو یاٹیرس،موسم سرد ہو یا گرم پانی حیرت انگیز خصوصیات رکھنے کے باعث گھر کے لئے اک لازمی اور ضروری عنصرسمجھا جاتا ہے۔

کچن،بالکنی اور باتھ روم میں پانی کی ضرورت اک عام اورلازمی جز کے طور پر تسلیم کی جاتی ہے۔تاہم اگر پانی کے ایک جدید استعمال پر روشنی ڈالتے ہوئے تصور کیا جائے سخت گرمی کا موسم اور مصروفیت بھرا دن گزارنے کے بعد گھر پہنچتے ہی ٹھنڈا پانی تالاب میں موجود دکھائی دے تو یہ امر خود بخود آپ کے قدم اپنی جانب کھینچ لے گا۔

کیونکہ یہ ایک ایسی جگہ ہےجس پر پڑنے والی پہلی نظر ہی آپ کوسکون و تازگی کے احساس سے مالا مال کر دے گی تالاب کے نزدیک آپ کا تیرنا ہی نہیں صرف بیٹھے رہنا ہی آپ کی تمام تھکاوٹ دور کرنے کے لیے کافی ہے۔ جی ہاں بات ہورہی ہے گھر میں موجود آپ کے سوئمنگ پول کی ۔

ارے کہیں آپ بھی ہماری طرح گھر میں سوئمنگ پول کی تعمیر کے لئے کھو تو نہیں گئےاگر ایسا ہے تو اس خواہش کی تکمیل کے لئے آپ کو سب سے پہلے تالاب کے نت نئے آئیڈیاز میں سے اپنے گھر کے لئے کوئی بھی ایک ڈیزائن منتخب کرنا ہوگا آئیے آج بات کرتے ہیں سوئمنگ پول کے جدید آئیڈیاز کی جس کے بعد آپ کے خوابوں کا تالاب اب آپ کی پہنچ سے زیادہ دور نہیں۔

گھر کے اندرونی حصوں میں سوئمنگ پول کی تعمیر

اگر آپ گھر کےاندرونی حصے میں سوئمنگ پول کی تعمیر کا ارادہ رکھتے ہیں تو کنکریٹ ،ٹائل ،پتھر وغیرہ میں سے کسی ایک مواد کا انتخاب کرتے ہوئے شاندار سوئمنگ پول تعمیر کرواسکتے ہیں۔ یہ تالاب ریڈی میڈ سوئمنگ پول کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہوتے ہیں جو کہ بڑی جگہوں پر زیادہ شاندار محسوس ہوتے ہیںگزشتہ 8 سے 10سال کے دوران آلٹرنیٹو فنشزود ٹیکچرز کی مقبولیت زیادہ عام ہے۔

لیکن گھر کے اندرونی حصوں میں ان تالابوں کی تعمیر گھر کے مکینوں کی پسند، نا پسند اور بجٹ پر منحصر ہے۔تیار کردہ سوئمنگ پول کے بجائے اپنے تعمیر کردہ سوئمنگ پول کے بہت سے فوائد ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ آپ اس کے ارد گرد بالکل ساحل جیسا قدرتی ماحول بآسانی تخلیق کر سکتے ہیں۔

ان سوئمنگ پول کےقریب کرسیوں ، پھولوں اور پودوں کے ذریعے بھی گھر کی جدت میں مزید اضافہ کیاجاسکتا ہے۔یہ سوئمنگ پول گھر کے بیرونی اور اندرودنی دونوں حصوں میں سے کسی بھی حصے میں تعمیر کروائے جاسکتے ہیں۔ان دنوں ٹیرس پر بھی سوئمنگ پول کی تعمیر ایک نیا انقلاب ہے۔

ریڈی میڈ سوئمنگ پول

عام طور کسی بھی انسان کے پاس تالاب کی تعمیر کے دوران دو آپشن موجود ہوتے ہیں ایک یہ کہ گھر کے کسی مخصوص حصے میںتالاب کی تعمیر کروائی جائےجو کہ خاصے مہنگے ہوتے ہیں دوسرا آپشن آپ کے پاس ریڈی میڈ تالا ب کاہے مطلب یہ کہ آپ ریڈی میڈ تالاب خرید کر بھی اسے گھر میں نصب کرواسکتے ہیں۔ ریڈی میڈ یا بنے بنائے سوئمنگ پول ان افراد کے لیے بہترین ہیں جن کا بجٹ کم ہو اور وہ صرف گرم موسم میں ٹھنڈا پانی چاہتے ہوں۔

اس قسم کے تالاب عام طور گرم موسم میں زیادہ استعمال کئے جاتے ہیںجو گھر کے مکینوں کو گرم دنوں میں راحت دیتے ہیں ، اسے خریدنا اور لگانا بھی آسان ہے۔ قدرتی روشنی کے ساتھ ساتھ مصنوعی روشنی کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا اس لئے سوئمنگ پول کی تعمیر گھر کے کسی بھی حصے میں ہو۔ اسکے آس پاس خوبصورت آرائشی لائٹس کا استعمال بھی کریں تاکہ آپ رات کے اوقات میں بھی اس پول سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انفینٹی سوئمنگ پول

انفینی سوئمنگ پول عام طور پر سمندر کے نزدیک گھر وں اورو سیع جگہ پربنے ہوتے ہیں۔ جو ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ کافی مہنگے ہوتے ہیں جن کے لئے زیادہ جگہ اور کافی زیادہ لاگت درکار ہونے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ پانی کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ اس میں پانی کا بہاؤ خودکار پمپ اور دیگر تعمیری مواد کے ذریعے پورے تالاب میں پھیلتا رہتا ہے جو اس تالاب اور اس کے ارد گرد منظر کو بھی صاف اور خوبصورت بنا دیتا ہے۔

کورڈسوئمنگ پول

کورڈ سوئمنگ پول ظاہری طور پر منفرد دکھنے کے باعث زیادہ سے زیادہ توجہ اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں۔ان سوئمنگ پول کی تعمیر کے بعد ان کوشفاف پولی کاربونیٹ کے ایک خوبصورت تعمیر کئے ڈھکن سے ڈھانپاجاسکتاہے ۔اس ڈھکن کے ذڑیعے سخت گرمی میں بھی تالااب کا پانی ٹھنڈا رہتا ہے مگر سردیوں میں آپ ڈھکن اتار کر دھوپ کا مزا لے سکتے ہیں۔

سوئمنگ پول کی تعمیر ایک ایسے طرز پر کی جاتی ہے جو گھر کے پچھلے حصے کی جانب جاتا ہے جہاں سے گھر کے اندرونی حصوں تک بآسانی رسائی ہوتی ہے۔ اس کی وجہ سے گھر کے مکین تالاب سےگھر کا اندرونی حصہ ، پار کرتے وقت بارش، تیز ہوا اور دھوپ سے بآسانی بچ سکتے ہیں ۔