ندیم افضل چن کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ

April 19, 2018

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا، عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں منڈی بہاؤالدین میں واقع اپنے گھر آنے کی دعوت دیدی ۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان سے پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کی ملاقات کے بارے میں ٹویٹر پر بیان جاری کیا تو جیو نیوز نے ندیم افضل چن سے رابطہ کرکے پوچھا کیا آپ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں ؟

ندیم افضل چن نے اپنے تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دی ہے، وہ پچیس یا چھبیس اپریل کو ان کے گھر آئیں گے، جہاں وہ پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔