ایم کیو ایم لندن کے قائد کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کی رپورٹ پیش،قصور میں عدلیہ کیخلاف تضحیک آمیز احتجاج کا معاملہ عدالت آیا تو جائزہ لینگے،لاہور ہائیکورٹ

April 20, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں حکمران جماعت کے اراکین اسمبلی کی جانب سے عدلیہ سے متعلق تضحیک آمیز احتجاج کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ معاملہ ان کے پاس آیا تو اسکا جائزہ لیا جائے گا، ابھی دوسرا معاملہ زیر سماعت ہے، بنچ کے روبرو وفاق نے ایم کیو لندن کے قائد کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کی رپورٹ پیش کر دی ،عدالتی احکامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی ،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ایم کیو ایم لندن کےقائد کے بیانات کی اشاعت اور نشریات کی پابندی کیلئے درخواستوں پر کارروائی کی، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی کے توہین آمیز احتجاج کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مقدمہ تو درج کر لیا گیا ہے مگر مقدمے میں نرم دفعات شامل کی گئی ہیں اور جرم کے مطابق دفعات کو مقدمے کا حصہ نہیں بنایا گیا ، مقدمے میں جرم کے مطابق دفعات شامل کرنے کیلئے آئی جی پولیس پنجاب کو خط لکھ دیا گیا ہے۔