قوم کو چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کی حقیقت پتا چلنا چاہیے، اسفند یارولی

April 22, 2018

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اب تو سراج الحق نے بھی کہہ دیا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ بلوچستان والے کو ووٹ دینا ہے، اُوپر سے حکم آیا ہے، اس کے بارے میں قوم کو حقیقت کا پتہ چلنا چاہئے۔

چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں سربراہ اے این پی نے تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دورہ کے پی کے میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی کہہ دیا کہ صوبے میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔

انھوں نےکہا کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی یہ ہے کہ اپنے لوگوں کو پیچھے دھکیلا جائے اور دوسری پارٹیوں کے لوگ شامل کئے جائیں۔

فاٹا کے انضمام کے حوالےخطاب میں اسفندیارولی نے کہا کہ دو سیاسی پارٹیوں کے علاوہ تمام پارٹیاں چیخ رہی ہیں کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کیا جائے، اگر مولانا ایک فون سے فاٹا کو کے پی کے میں انضمام سے روک سکتے ہیں تو پھر اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے بھی نواز شریف کو فون کرتے۔

اسفندیار ولی نے کہا کہ عمران خان نے ووٹ بیچنے والوں کو تو سزا دیدی لیکن ووٹ خریدنے والے چوہدری سرور کے خلاف کارروائی کب ہوگی۔