دولت مشترکہ کانفرنس کی اختتامی تقریب ،وزیراعظم عباسی اور بھارتی وزیراعظم کا مصافحہ، مختصر گفتگو

April 24, 2018

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دولت مشترکہ سربراہان حکومت کانفرنس کے اختتام کے موقع پر ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا اور مختصر بات چیت کی۔ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ دونوں رہنمائوں نے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی، اپنے ملک اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اختتامی تقریب بند دروازے میں ہوئی اور اس موقع پر دونوں رہنمائوں کو بات چیت کا موقع ملا جس میں وزیراعظم عباسی نے بھارتی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حالت زار سے آگاہ کیا۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کا معاملہ اٹھایا۔ اپنی بات چیت میں مودی نے کشمیر پر بات چیت سے گریز کیا اور وزیراعظم عباسی سے آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں پاکستان کی سیاسی صورتحال معلوم کی۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم عباسی نے 15؍ ممالک، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سنگاپور، نائیجیریا، کینیا، روانڈا، بنگلادیش اور برونائی کے صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کی۔