مالی سال کے9 ماہ،پی ایس او کو 13.2ارب روپے کابعدازمنافع ٹیکس

April 24, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹیٹ آئل نے مالی سال 2017-18کے 9 ماہ جولائی سے مارچ کے دوران کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پی ایس او ہیڈ کوارٹرز کراچی میں اپنے بورڈ آف مینجمنٹ کا اجلاس منعقد کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کمپنی نے 13.2ارب روپے کا بعد از منافع ٹیکس حاصل کیا۔ فرنس آئل کے والیوم میں کمی کے باوجود مجموعی منافع میں 6.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔ کمپنی کی مصنوعات کے والیوم میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا جن میں ایچ ایس ڈی میں 5.4فیصد، موگیس 12.3فیصد، جیٹ فیول (جے پی ۔1)10.3 فیصد ، ایل پی جی 21فیصد، لبریکنٹس 5فیصداور ایل این جی کی فروخت میں 34فیصد کا اضافہ رہا۔البتہ فرنس آئل کی مقدار میں 29فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔مارچ میں پی ایس او 23ارب روپے کے اضافی فنڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہا جس سے شعبۂ توانائی ، پی آئی اے اور سوئی ناردرن گیس پرائیوٹ لمیٹڈ کے ذمے پی ایس او کے واجبات (بشمول ایل پی ایس) 31دسمبر 2017 کے 313 ارب روپے کے مقابلے میں کم ہو کر 31مارچ 2018 تک 304 ارب روپے ہوگئے۔ کمپنی انتظامیہ واجبات کی ادائیگی کے لیے فنڈز کی فراہمی اور فرنس آئل اور ایل این جی سپلائی کے عوض اپریل سے جون2018 کی سہ ماہی کے دوران طے شدہ 130ارب روپے کی ادائیگیوں کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر قائل کرنے کے لیے وزارتِ بجلی وتوانائی اور وزارت خزانہ سے مسلسل رابطے میں ہے۔ کمپنی کی کارکردگی کے پیش نظر پی ایس او نے 10روپے فی شیئر کے حساب سے 100فی صد کیش ڈیویڈنڈ کی منظوری بھی دے دی ہے ۔