جمعیت علمائے اسلام بڑی سیاسی قوت بنے گی، فضل الرحمان

April 26, 2018

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قوم سے نظرئیے کی بنیاد پر ووٹ لیتے ہیں ، جمعیت علمائے اسلام بڑی سیاسی قوت بنے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کوہاٹ میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جلد حقیقی اسلامی ریاست میں تبدیل ہوگا، پاکستان کے قیام کو 70 سال ہوچکے ہیں،سیاست اور نظام حکومت پر مذہب بیزار قوتوں کا قبضہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیاآج کے روشن خیال،لبرل طبقوں کی سوچ زمانہ جہالیت کےقبائل کی سوچ میں یکسانیت نہیں؟ ایک پاکستانی لیڈرنے تقریرکی الیکشن آرہا ہے اورمولوی صاحب کوپھراسلام خطرے میں نظرآرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرآپ اپنی لادینیت کے لیے ووٹ مانگ سکتے ہیں تومیں دین اسلام کے لیے ووٹ مانگ سکتا ہوں، جمعیت علمائے اسلام سیاسی قوت بنے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ کہتے ہو دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہو، آؤ سودا کرلیں،ہم قومی دھارے میں آئیں گے آپ اسلامی دھارے میں آجاؤ.

انہوں نے تحریک انصاف کے منحرف رہنما ناصر خان خٹک کو جمعیت میں شمولیت پرخوش آمدید کہا۔