پانچ سالوں میں ملکی معیشت کےتمام شعبوں میں بہتری آئی، مشیرخزانہ

April 26, 2018

وزیر اعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملکی معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری آئی ہے، پاکستان میں شرح نمو 5.8 فی صد کی شرح سے بڑھی جو گزشتہ 13سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مالی سال 2017-18کا اقتصادی سروے جاری کرتے ہوئے کہا کہ فی کس آمدن اعشاریہ پانچ فی صد کی شرح سے 1641 ڈالر سالانہ رہی، غربت کی شرح 24اعشاریہ 3فیصد رہی، ۔رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران دہشت گردی کی شرح میں 62.2فی صد کمی ہوئی، پاکستان کواس جنگ کی وجہ سے سات ارب54کروڑ ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑا۔

مشیرخزانہ کاکہناتھا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران جاری اخراجات جی ڈی پی کا 7.4فی صد رہے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں سات فی صد تھے، ترقیاتی اخراجات اسی عرصے میں 25.4کی شرح سے بڑھے، رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ایف بی آر کی آمدن میں 15.8فی صد اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح میں گزشتہ پا نچ سالوں میں بتدریج کمی آئی۔

مفتاح اسماعیل نےکہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا انڈکس تاریخی سطح یعنی 52ہزار 876پوانٹس تک گیا، نو ماہ کے دوران برآمدات کا حجم 17ارب 10کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 44ارب 38کروڑ ڈالر رہا، پاکستانی روپے کی قدر میں 9.2فی صد کم ہوئی، بیرون ملک زر ترسیلات میں 3.6فی صد اضافہ رکار ڈ کیا گیا، حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 858ارب 30کروڑ روپے کے قرضے لیے، یہ درست نہیں کہ بیرونی قرضوں میں اضافہ ہوا ۔

مشیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی معیشت کی سمت درست کر دی گئی ہے،ایک ہی وقت میں معیشت کو بہتر کرنا اور مہنگائی پر قابو پانا انتہائی مشکل کام تھا تاہم حکومت نے یہ کردکھایا۔