پاکستان نژاد شاہد خان ویمبلے اسٹیڈیم لندن خریدنے کے خواہاں

April 27, 2018

لندن(جنگ نیوز)پاکستان نژاد کاروباری شخصیت شاہد خان نے لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم کو خریدنے کے لیے فٹبال ایسوسی ایشن کو800ملین پونڈ کی پیش کش کی ہے۔شاہد خان فٹبال کلب فلحم اور این ایف ایل کی ٹیم جیکسن وِل جیگوارز کے بھی مالک ہیں۔شاہد خان کی جانب سے کی گئی پیش کش میں پانچ سو ملین پونڈ سٹیڈیم کے لیے جبکہ تین سو ملین پونڈ ویمبلے کلب کے بزنس کے لیے ہیں۔ شاہد خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ویمبلے نجی ملکیت میں چلا جائے گا اور فٹبال ایسوسی ایشن اپنے مرکزی مشن یعنی کھلاڑیوں کی تربیت و ترقی پر توجہ دے سکے گی۔انھوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ آپ میں سے اگر اکثریت نہیں تو کم از کم بہت بڑی تعداد میں تو انگلینڈ کی قومی ٹیم کے مداح ہوں گے، تو اسی لیے مجھے امید ہے کہ آپ اس خواب کے حقیقت بننے کی صورت میں اس کا خیر مقدم کریں گے ۔ویمبلے سٹیڈیم کو بیچ کر فٹبال ایسوسی ایشن کو موقع ملے گا کہ وہ فٹبال میں بنیادی سطح پر سرمایہ کاری کر سکے۔ ادھر این ایف ایل کے حکام بھی ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ لندن میں سٹیڈیمز ہونا ادارے کے لیے اہم ہو سکتا ہے۔ ویمبلے سٹیڈیم برطانیہ کا سب سے بڑا سٹیڈیم ہے، اس میں90ہزار سیٹیں ہیں اور اس کی تعمیر پر757ملین پونڈ لاگت آئی تھی، اس کا افتتاح 2007میں ہوا تھا۔فٹبال ایسوسی ایشن نے اس پیش کش پر جمعرات کو اپنے اجلاس میں بحث کی تھی۔یاد رہے کہ جنوری میں فٹبال ایسوسی ایشن نے بتایا تھا کہ وہ اس سٹیڈیم پر لگنے والے757ملین پونڈ کی ادائیگی2024تک مکمل کر سکیں گے۔ فوربز میگزین کے مطابق16برس کی عمر میں جب وہ پاکستان سے امریکہ آئے تھے تو ان کی جیب میں 500 ڈالر تھے ۔شاہد خان لاہور میں پیدا ہوئے۔ گارڈین کے مطابق وہ 1968 میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے امریکہ گئے۔ شاہد خان نے الینوئے میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد گاڑیوں کے پرزے بنانے والی ایک کمپنی میں ملازمت اختیار کی۔ کچھ عرصے بعد انہوں نےاسی فرم کو خرید لیا۔