سندھ کے بجٹ میں وسائل کے مطابق ترقیاتی فنڈز مختص کئے جائیں، وزیر اعلیٰ

April 29, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال 19-2018 کے بجٹ کیلئے ترقیاتی پروگرام سے متعلق صوبائی محکمہ خزانہ و منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایات کی ہیں کہ آئندہ مالی سال کیلئے وسائل کی دستیابی کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی فنڈز مختص کیے جائیں، انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ خزانہ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں،اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات سعید غنی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی محمد وسیم، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت، محکمہ خزانہ و پی اینڈ ڈی کی سینئر حکام و ماہرین نے شرکت کی،وزیراعلیٰ سندھ کو اجلاس میں متعلقہ محکموں نے موجودہ اور آئندہ کے اے ڈی پی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی ،دریں اثناوزیراعلیٰ نے وزیر منصوبابندی و ترقیات سعید غنی اور وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ سے ملاقات کے دوران سال2012ء میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کے معاملے پرنظر ثانی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کے تحت اس مسئلے کا حل نکالا جائے گا۔