لندن، موبائل فونزآگ میں پھینکنے سے دھماکا، 30 افراد زخمی

May 03, 2018

شمالی لندن میں ہوئی مذہبی تقریب کے شرکا کا موبائل فونز آگ میں پھینکنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا، فون پھٹنے سے آگ کا گولا بنا جس نے 30 افراد کو جھلسا کر دکھ دیا ۔

برطانوی اخبار کے مطابق زیادہ تر افراد کو منہ پر زخم آئے، دس افراد کو اسپتال میں داخل کردیا گیا۔

ڈیلی میل نے عینی شاہدین کے حوالے سے لکھا کہ جب بڑی تعداد میں موبائل فونز ’’بون فائر‘‘ میں پھینکے گئے تو وہ دھماکے سے پھٹے اور آگ کے بڑے گولے نے لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس سالانہ مذہبی اجتماع میں سیکڑوں افراد شریک تھے۔

موبائل فونز آگ میں پھینکنے سے پہلے یہودی ربی نے اپنے خطاب میں اسمارٹ فونز کو برائیوں کی جڑ قرار دیا اور علامتی طور پر ایک موبائل فون آگ میں جلانے کا اعلان کیا تھا۔